• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: یونائیٹڈ کا کنگز کو جیت کیلئے 137 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم گروپ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں کے اپنے وطن لوٹنے کے بعد کراچی کنگز میں صرف تین اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں 2 غیر ملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔

یونائیٹڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، لیکن کراچی کنگز کے بولرز نے زبردست کم بیک کیا اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کو کھل کے کھیلنے ہی نہ دیا۔

فل سالٹ اور رضوان حسین کی جوڑی نے 35 رنز کا آغاز تو فراہم کیا لیکن یہ آغاز اسلام آبا یونائیٹڈ کو زیادہ اسکور کرنے میں معاون ثابت نہ ہوسکا۔

پہلے رضوان حسین 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے پھر 59 کے مجموعے تک لے جانے والے فل سالٹ بھی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں ایک جانب جہاں حسین طلعت نے اینڈ کو سنبھالا وہیں انہوں نے رنز بنانے کی رفتار کو بھی برقرار رکھا۔

شاداب خان 79 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کولن انگرام نے حسین طلعت کا ساتھ دیا، تاہم 97 کے مجموے پر حسین طلعت بھی آؤٹ ہوگئے جنہوں نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسین طلعت کے بعد آصف علی سے کچھ امیدیں تھیں لیکن وہ بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد 100 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

کولن انگران کے 14، فہیم اشرف کے 12 اور ظفر گوہر کے 13 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 136 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جورڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

تازہ ترین