• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائیو کی سیمی فائنلسٹس کا فیصلہ ہوگیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی ٹرافی کی جنگ کے لیے آخری 4 ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل کی دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم سابقہ چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ایونٹ کا دوسراسیمی فائنل اسی روز شام 7 بجے ہوم ٹیم لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اس سے قبل گروپ مرحلے میں 2 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، دونوں مرتبہ کامیابی ملتان سلطانز کے نام رہی۔

ملتان سلطانز نے پہلے گروپ میچ میں 6 وکٹوں اور دوسرے میں 3 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری طرف روایتی حریفوں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا گروپ مرحلے میں پلڑا برابر رہا۔

پہلے گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے 8 وکٹوں سے جبکہ دوسرے میں کراچی کنگز نے 10وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروز بدھ کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل میں سیمی فائنل نہیں بلکہ پلے آف مرحلہ کھیلا جاتا ہے، تاہم کورونا وائرس جیسی عالمی وبا پھیلنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے آخری مرحلے کو ناک آؤٹ یعنی سیمی فائنلز کے دو میچز تک محدود کردیا۔

واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ساتھ دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بھی فائنل فور میں جگہ نہ بناسکی۔

تازہ ترین