اسلام آباد ( تنویرہاشمی ، کامرس رپور ٹر )وفاقی حکومت نے چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کوترجیح بنیادوں پر تعمیر کرنے کا آل پارٹیز کانفرنس میں کیا گیا وعدہ پورا کر دیا اور اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے برہان /ہالکاسے ڈی آئی خان تک کے 285کلومیٹر چار رویہ موٹر وے (ایم ون )کی تعمیر کےمنصوبے کی منظوری دے دی ، اس پر مجموعی طور پر ایک کھرب 29ارب 78کروڑ روپے لاگت آئیگی ، منصوبے پر جون 2016کو کام کا آغاز ہوگا اور مئی 2018میں دوسال کی مدت میں مکمل کر لیا جائیگا ، مالی سال 16-2015میں 10ارب روپے ،17- 2016میں69ارب 87کروڑ روپے اور مالی سال 18- 2017میں 49ارب 91کروڑ روپے خرچ ہونگے۔جنگ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق مغربی روٹ کے اس حصے پر 11انٹر چینج، 19فلائی اوورز، 15پل، 74انڈرپاس اور 259چھوٹی پلیاں تعمیر ہونگی جبکہ دریائے سندھ ، دریائے کرم اور دریائے سواں پر تین بڑے پل بھی تعمیر کیے جائینگے ۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں مغربی روٹ پر موٹر وے کے لیے اراضی کے حصول اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے الگ سے 13ارب 61کروڑ روپے کی بھی منظوری دی ۔ مغربی روٹ کی یہ چار رویہ موٹر وے برہان /ہالکا سے شروع ہوگی اور فتح جنگ، پنڈی گھیب، تراپ ، دائود خیل ، میانوالی ، عیسیٰ خیل ، کندال ،رحمانی خیل ، عبدالخیل ، پنیالہ سے ہوتی ہوئی ڈی آئی خان کے علاقے یارک تک جائیگی ۔ اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں تعمیر کیا جائیگا اس عالمی روٹ کی تعمیر سے ان پسماندہ علاقوں میں بہت زیادہ ترقی ہوگی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ موٹروے کی تعمیر سے ڈی آئی خان اور چشمہ کا اسلام آباد اور راولپنڈی تک فاصلہ بھی بہت کم ہو جائیگا ۔