لاہور (نمائندہ جنگ، اے پی پی)اسپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی پرویز الہی نے کہا کہ صوبے کو خطرہ ہے، اورا سپیکر چوہدری پرویزالٰہی کے کہنے پر ”حکومت پنجاب کورونا ایمرجنسی فنڈ“ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر ،تمام ارکان اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 16 سے 22 کے افسر اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ اس فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ اس سلسلے میں اسپیکر نے تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ، راہ حق پاکستان اور آزاد امیدواروں کے پارلیمانی لیڈروں اور پارلیمانی کمیٹیوں کے سربراہوں سے رابطہ کر کے تنخواہ جمع کروانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ تمام پارٹیوں نے سپیکر کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کی اور اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروانے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔ سپیکر نے ن لیگ کے ملک ندیم کامران، چودھری اقبال گجر، رانا محمد اقبال، خواجہ سلمان رفیق، سمیع اللہ خان، عطاء تارڑ، پیپلزپارٹی کے سید حسن مرتضیٰ، راہ حق پاکستان کے محمد معاویہ و دیگر سے مشاورت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صوبے کو اس موذی وبا سے بڑا خطرہ ہے لیکن احتیاطی تدابیر سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے، اس وقت سیاست نہیں متحد ہو کر کورونا سے لڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کورونا کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام میں بھرپور آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے کوئٹہ میں کوئلہ کی کان کے حادثے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ او رافسوس کا اظہارکیا ہے - وزیراعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔