خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے آج سے 48 گھنٹوں کے لیے شاپنگ مالز، مارکیٹس، ریسٹورانٹس بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ادویات کی دکانیں، جنرل اسٹورز، بیکریاں، تندور، پٹرول پمپس، گوشت، سبزی کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ شاپنگ مالز، مارکیٹس، ریسٹورانٹس بند رہیں گی ۔
اعلامیے کے مطابق 23 مارچ سے بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ سروس7 دن تک بند رہے گی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ سروس بحال رہے گی، شہری ذاتی گاڑیوں پر سفر کرسکیں گے ۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فیصلہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے باعث کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان کے قرنطینہ سینٹر کو تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے مطابق کالج کا ہاسٹل بلاک اے 60 کمروں پر مشتمل ہے اور ہر کمرے میں ایک مسافر کو ٹھہرایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق ہر کمرے میں ایک بیڈ، میٹرس ، بیڈ شیٹ ، کمبل ، تکیہ اور جائے نماز مہیا کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان کا کہنا ہے کہ کمرے میں سینٹیشن کٹ اور دیگر ضروری سامان بھی رکھا گیا ہے۔