لاہور( نمائندہ جنگ/این این آئی)کورونا وائرس سے نمٹنے اورحکمت عملی مرتب کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا شہباز شریف ‘ چوہدری پرویزالٰہی ‘فضل الرحمن ‘سرداراختر مینگل ‘ایمل ولی خان ‘آفتاب شیرپاؤ‘ ڈاکٹر خالد مقبول اور دیگر کو فون ‘ ویڈیولنک آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا‘سیاسی قائدین نے کرونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو لنک پر آ ل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف او ربلاول بھٹو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے کورونا وائرس وبا سے مقابلے کیلئے قومی یکجہتی پر اتفاق کیا ۔
دونوں رہنمائوں نے ویڈیولنک آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تجویز کو وقت کا تقاضہ قراردیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اے پی سی آج ہی ہونی چاہیے ۔
بلاول اورچودھری پرویز الٰہی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ تنہا حکومت کے بس کی بات نہیں ،تمام سیاسی جماعتوں ،اداروں اور عوام کو یکجا ہونا پڑے گا۔پرویز الٰہی نے اے پی سی کی تجویز کی حمایت کی ۔
بلاول بھٹو نے فضل الرحمان سے بھی ٹیلوفونک رابطہ کیا اوراس عز م کا اظہا رکیا گیا کہ تمام سیاسی رہنما مل کر اس آفت کا مقابلہ کریں گے ،بلاول بھٹوکی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی سے بات چیت ‘کرونا وائرس سے عوام کو محفوظ کرنے کی لئے قومی لائحہ عمل پر زور دیا ۔
ایمل ولی خان اور آفتاب شیرپا ئو نے بھی ٹیلیفونک رابطے میں موجودہ صورتحال میں آل پارٹیزوڈیوکانفرنس بلانے کی حمایت کی ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، کورونا وائرس سے بچا ئوکے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔