• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈنمارک میں منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام معراج النبیﷺ کانفرنس

کوپن ہیگن (پ ر )منہاج ویمن لیگ اور منہاج سسٹر لیگ کے زیر اہتمام مرکز منہاج القرآن ڈنمارک میں معراج النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں خواتین اور یوتھ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ درس نظامی کی طالبہ آنسہ خدیجہ سجاد نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی او رخسانہ افضل نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ مریم ادریس، ناہید خان، سمیرہ سلیم، سسٹر لیگ کی آنسہ فروہ حسین، نیلم یاسین اور کومل جنید نے عقیدت کے پھول بحضور سرورِ کونین ﷺ نچھاور کیے۔ ڈینش زبان میں خواتین کے عالمی دن اور معراج النبی ﷺ کے کچھ مخصوص پہلوؤں پرسمعیہ یوسف نے گفتگو کی جبکہ خصوصی خطاب ڈائریکٹر مفتی ارشاد حسین سعیدی نے کیا۔ انہوں نے اسلام میں خواتین کے مقام اور اہمیت کو بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا ۔ دوسرا حصہ معراج النبی ﷺ کے کچھ بہت ہی خاص اصلاحی و تربیتی پہلوؤں پر مبنی تھا۔ بعد ازاں خواتین کے مابین ذہنی آزمائش کا مقابلہ کروایا گیاجس میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نظامت کے فرائض ویمن لیگ ڈنمارک نارتھ ویسٹ کی نائب صدر صدف شمس نے انجام دیئے ، ڈاکٹر شازیہ رانا نے یورپ میں اولاد کی تربیت کے حوالے سے منہاج ویمن لیگ کے یو ٹیوب چینل کا تعارف کرایا اوراس کے لیے خواتین کو اپنا اپنا تجربہ بیان کرنے کی دعوت دی.سلام بحضور سرور کونین ﷺ کوکب اُپل نے پیش کیا ۔ مہمانوں کی دعوت شیراز پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
تازہ ترین