• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑکوں وتجارتی مراکز کوآج کیمیکل سے دھونے وسپرے کی ہدایت

اسلام آ باد( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوں مراکز بڑی شاہراوں اور مصروف ترین علاقوں کو کیمیکل سے دھونے اور صاف ستھرا کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جو آج جمعرات کوکیا جا ئے گا۔ تمام شعبے باہم مل کر صفائی کی اس خصوصی مہم میں حصہ لیں گے۔ یہ اقدام اسلام آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ اسلام آباد میں ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سد باب ممکن ہوسکے۔اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے اٹک کی ایک کیمیکل فیکٹری سے کیمیکل حاصل کر لیا ہے اور وزارت صحت سے رابطہ کر لیا گیا ہے ۔مزید برآں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں سی ڈی اے کیپیٹل ہاسپیٹل میں موجود چارونٹیلیٹرز کو کل سے فنکشنل کردیا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو فوری طبی امداد بہم پہنچائی جاسکے۔ کرونا وائرس بچاؤ کے لیے شہر کی مختلف سڑکوں اور مارکیٹس میں واشنگ اور سپرے کیا جائے گا۔کلورین واش اور سپرے کا آغاز بدھ کے روز ہونا تھا لیکن اب یہ آج جمعر ات سے ہوگا۔ آپریشن میں 30 واٹر ٹینکر، فائر بریگیڈ سمیت ایم سی آئی کا عملہ شرکت کرے گا۔ پمز سمیت تمام ہسپتالوں کورنٹائن سنٹرز اور پناہ گاہوں میں سپرے کیا جائے گا۔ جناح سپر مارکیٹ ،ایف 10، جی10،میلوڈی مرکز سمیت بڑے تجارتی مراکز میں سپرے کیا جائے گا۔ اسلام آبادشہر کی تمام اہم شاہراہوں ایکسپریس وے، مری روڑ،، جناح ایونیو , 7th ایونیو، , کشمیر ہائے وے سمیت دیگر شاہراہوں پر بھی سپرے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر کیپیٹل ہسپتال میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت سے نبرد آزما ہونے کیلئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور کیپیٹل ہسپتال میں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے جاری ہونے والی ہیلتھ ایڈوائزری پر مکمل عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انتظامیہ نے اسلام آباد کے شہریوں سے درخواست کی ہے کی وہ کرونا وائرس سے تحفظ اور مزید پھیلاو کو روکنے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلے اور حکومت کی طرف سے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں۔
تازہ ترین