سعودی عرب کے شاہ سلمان کی زیرصدارت جی 20 ممالک کےسربراہان کا آن لائن اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ سلما ن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے انسانی بحران پیدا ہورہا ہے، جبکہ یہ عالمی تجارتی منڈی اور معیشت پر بھی بری طرح اثر انداز ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ وبائی بیماریوں سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر تیاریوں کو مضبوط بنانا چاہیے جبکہ کورونا وائرس ویکسین کے لئے فنڈ کو بڑھانےکی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی سطح پر صحت کے بحران پر قابو پانے میں مدد کرنی چاہیے۔
جی 20 اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معیشت کے تحفظ کے لئے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ عالمی معیشت میں 5 ٹریلین ڈالر لگائے جائیں گے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق کورونا سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں روس کےصدر پیوٹن نے بھی شرکت کی اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔