• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور یورپ میں کورونا بے قابو، مریض 6½ لاکھ، ہلاکتیں 30 ہزار، ووہان میں زندگی معمول پر آگئی

امریکا اور یورپ میں کورونا بے قابو، ہلاکتیں 30 ہزار


پیرس، ہانگ کانگ، واشنگٹن(اے ایف پی، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)امریکا اور یورپ میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا، دنیا کے183ممالک میں مریضوں کی تعداد ساڑھے6لاکھ تک پہنچ گئی، ہلاکتیں بھی 30 ہزار سے بڑھ گئیں،اب تک ایک لاکھ 29ہزار مریض صحت یاب بھی ہوئے۔

امریکا میں متاثرین 1لاکھ5ہزار سے تجاوز، امریکی صدر کا نیو یارک کو قرنطینہ کرنے پر غور، بحرالکاہل میں امریکی طیارہ بردار جہازمیں کوروناپہنچ گیا۔

صدر ٹرمپ نے جنرل موٹرز کو وینٹی لیٹرز بنانے کا حکم دیدیا جبکہ انہوں نے کہا ہےکہ وہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے نیو یارک کو قرنطینہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا میں 2.3ٹریلین ڈالرز کے پیکج پر عمل درآمد شروع کردیاگیا،کینیڈا نے بھی 2سو ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان کیاہے، 24گھنٹے کےدوران اٹلی میںمزید 890،اسپین 830، فرانس میں 319ہلاکتیں دیکھی گئیں جبکہ دنیا بھر میں 1لاکھ 29ہزار مریض صحتیاب بھی ہوئے،ادھر روس نے بھی پیر سے سرحدیں مکمل بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس امریکااور یورپ میں بے قابو ہوگیا ہے، اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران مزید 900 افراد ہلاک ہوگئے جس کیساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 10ہزار سے تجاوز کرگئیں اور مریضوں کی تعداد بھی 92400 تک پہنچ گئی ہےجن میں سے 11ہزار افراد صحتیاب بھی ہوئے۔

اسپین میں 24 گھنٹے کےدوران مزید832مریض ہلاک ہوگئے، جس کیساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 5ہزار690 ہوگئیں جبکہ وائرس 72ہزار سے زائد افراد میں پہنچ گیا ہے۔

چین میں جہاں اس وائرس کا آغاز ہواوہاں متاثرین کی تعداد 81 ہزار394 ہے جن میں سے 74 ہزار 971صحتیاب ہوگئے ہیں اور 3 ہزار295ہلاکتیں دیکھی گئیں۔

ایران میں 2ہزار517 ہلاکتیں اور 35 ہزار408مریض سامنے آچکے ہیں،فرانس میں24 گھنٹے کےدوران مزید 319ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں جس کےساتھ ہی مجموعی تعداد2ہزار314ہوگئی جبکہ37ہزار کیسز دیکھے جاچکے ہیں۔

امریکامیں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1لاکھ 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 1711اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ برطانیہ میں وائر س سے ہلاکتیں ایک ہزار سے تجاوز کرگئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 17 ہزار ہوگئیں۔

ترکی میں مزید 16 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے جس کےساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں100 سےتجاوز کرگئیں ، ملک میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 7 ہزار402 ہوگئی۔ 

آئر لینڈ نے بھی 12 اپریل تک کا لاک ڈائون نافذ کردیا ہے، گھانا نے بھی 2 ہفتے کے لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے،برازیل میں مقدس مقامات کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ 

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے متفقہ طور پر منظور ہونے کے بعد 23کھرب ڈالر کے اقتصادی ریلیف پیکج پر دستخط کر کے اسے قانون کی شکل دے دی، جس کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کردیاگیا۔

اس پیکیج کا مقصد گنجائش سے زیادہ بوجھ تلے دبے صحت کے نظام کو وسائل فراہم کرنا، کاروباروں کو سپورٹ اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات سے مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔

اوول آفس میں بل پر دستخط کرنے کے بعد امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس سے ہماری قوم کے خاندانوں، ورکرز اور کاروباروں کو فوری طور پر درکار ریلیف ملے گا، امریکی صدر نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے جنرل موٹرز کو وینٹی لیٹرزبنانے کا حکم دیدیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ بحر الکاہل میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے ʼیو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ پر موجود کم سے کم 23 افراد کے کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، کورونا میں مبتلا ہونے والے تمام مریضوں کو ایک بندرگاہ پر الگ تھلگ کیا جا رہا ہے، بحری بیڑے پر موجود 5000 دیگر افراد کی جانچ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹرودو کا ملک کی معیشت میں بہتری کے لیے 200 ارب ڈالرز سے زائد (تقریباً 128 ارب یورو) امداد کا اعلان کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ پارلیمانی رپورٹ میں 2020ء کے دوران کینیڈا کی معیشت میں 5.1فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو کہ 1962 کے بعد کم ترین سطح پر ہوگی۔

کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو نے یہ بھی کہاہےکہ ایسا کوئی بھی شہری جس میں کورونا کی علامات پائی جارہی ہیں اسے کسی بھی قسم کے سفر کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

دوسری جانب کورونا کے سب سے پہلے مرکز بننےوالے چینی شہر ووہان میں زندگی معمول پر آنے لگی، ہفتے کے روزہزاروں مسافروں سے بھری ہوئی ٹرین ووہان پہنچی کیونکہ یہ چینی شہر جو عالمی وباء کوروناوائرس کیلئے گراؤنڈ زیرو تھا، مہینوں لاک ڈاؤن میں رہنے کے بعد جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔

 چہرے کے دو، دو ماسک، پلاسٹک کے دستانے اور حفاظتی لباس پہنے واپس آنے والوں کا استقبال ریلوے اسٹیشن پر اسی طرح کے لباس پہنے ہوئے عملے نے کیا جوسخت یاد دہانی تھی کہ اگرچہ یہ شہر آئسولیشن سے باہر آرہا ہے لیکن اس کے باوجود یہ اب بھی نارمل سے دور ہے۔ 

وائرس کے باعث جون میں ہونےوالی ایک اعلیٰ سطحی ایشیائی سلامتی کانفرنس ’’شانگری لا ڈائیلوگ‘‘ جس میں امریکا چین سمیت دیگر 40ممالک کے وزرائے دفاع کو شریک ہونا تھا ملتوی کردی گئی ہے۔ 

روس نے بھی کورونا وائرس کے باعث پیر سے اپنی سرحدیں مکمل بند کرنے کا اعلان کیاہے۔

تازہ ترین