• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت انٹرویوز کے باجود 6بورڈز کے چیئرمین لگانے میں ناکام

کراچی( سید محمد عسکری) سندھ کے 6تعلیمی بورڈزکے چیئرمین کے عہدوں کے لیے انٹرویوز کو 25روز گزرنے کے باوجود محکمہ بورڈز و جامعات ان بورڈز میں چیئرمین لگانے میں ناکام ہوگیا ہے، انٹر بورڈ کراچی، میٹرک بورڈ کراچی، سندھ ٹیکنیکل بورڈ، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ، نوابشاہ تعلیمی بورڈ اور سکھر تعلیمی بورڈ میں چیئرمین لگانے کے لیے انٹرویوز 3 اور 4مارچ کو ہوئے تھے جو تلاش کمیٹی نے لئے تھے، تلاش کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قدیرراجپوٹ کے قریبی ذرائع کے مطابق 3 اور 4 مارچ کو چیئرمین کے عہدوں کے لیے انٹرویوز منعقد کیے گئے اور یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسی روز تلاش کمیٹی کے اراکین نے نمبرنگ مکمل کرکے دستخط بھی کردیئے تھے جس کے بعد اگلا مرحلہ محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے سمری تیار کرکے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتوسط مشیر اعلیٰ نثار کھوڑو اور چیف سکریٹری ممتاز یلی شاہ بھیجی جانی تھی تاہم اس کے بعد کیا ہوا وہ اس معاملے سے لاعلم ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ سمری تیار ہی نہیں کی گئی کیوں کہ میرٹ پر کچھ ایسے امیدواربھی آئے ہیں جن سے ایک افسر ذاتی طور پر ناراض ہے اور وہ اس پر اتنی تاخیر چاہتا ہے کہ میرٹ پر منتخب ایسے امیدواروں کو قانونی طور پر چیلنج کردیا جائے۔ مشیر برائے محکمہ بورڈز و جامعات نثار کھوڑو کے ترجمان شکیل میمن نے جنگ کو بتایا کہ وہ سمری ابھی تک موصول نہیں ہوئی اگر موصول ہوئی ہوتی تو اس کی تفصیلات سے ضرور آگاہ کرتے ،انہوں نے کہا کہ مشیر نثار کھوڑو کی جانب سے کبھی تاخیر نہیں کی جاتی، نوابشاہ تعلیمی بورڈز کے علاوہ انٹر بورڈ کراچی، میٹرک بورڈ کراچی، سندھ ٹیکنیکل بورڈ، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ اور سکھر تعلیمی بورڈ بورڈزکے سربراہوں کی 3سالہ مدت گزشتہ برس 30 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہاں قائم مقام چیئرمین کام کررہے کیوں کہ محکمہ بورڈز و جامعات سندھ کے 5تعلیمی بورڈز میں نئے چیئرمین حضرات کا تقرر نہیں کرپایا، نہ ہی ان کی بھرتی کے لئے وقت پر اشتہار دے پایا بعد ازاں جب ان سربراہوں کی مدت ختم ہونے میں چند روز رہ گئے تو محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیجی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ان تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہورہی ہے ،چنانچہ نئی بھرتی کے لئے3 ماہ کا وقت دیا جائے اس وقت تک موجودہ چیئرمین حضرات کی مدت میں توسیع کردی جائے اب وہ توسیع کی مدت بھی مکمل ہوچکی ہے جب کہ نوابشاہ تعلیمی بورڈز کے قیام کو 3 برس گزرچکے ہیں مگر تاحال وہاں مستقل چیئرمین تعینات نہیں کیا جسکا ہے۔

تازہ ترین