• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے زائرین کوملک چھوڑنے کانہیں کہا،علامہ نیازنقوی

لاہور(نمائندہ جنگ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی نے گفتگومیں کہاہے کہ ایرانی حکومت نے کسی ز ائر کو ملک چھوڑنے کا نہیں کہا بلکہ کورونا کے ہنگامی حالات کے پیش نظر ویزے میں تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔ میڈیامنفی پراپیگنڈہ بند کرے ۔شر پسند سیاستدان اور فرقہ وارانہ تعصب کی وجہ سے عالمی وبا کو زائرین سے جوڑنے کی ناپاک سازش کرنےوالوں کا قومی سطح پر نوٹس لیا جائے ، تاکہ شرانگیزی کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا پاکستانی اور دیگر ممالک سے ہزاروں زائرین مشہد مقدس اور قم میں موجود ہیں جبکہ سینکڑوںپاکستانی طلبہ اور ان کے بچے بھی ایران میں موجود ہیں، جو واپس پاکستان نہیں آئے اور ایران پاکستانیوں کی حفاظت کر رہا ہے ۔علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ چونکہ زائرین 15 دن یا ایک مہینے کا ویزہ لے کرزیارات کی غرض سے ایران جاتے ہیں اور زیارات کا مقصد پورا ہونے کے بعد ہر شخص اپنے گھر میں آنا چاہتا ہے تو اسی طرح سے زائرین بھی آئے ہیں۔ ایرانی حکومت نے کسی زائر سے ملک چھوڑنے کا نہیں کہا ۔اس حوالے سے میڈیا اورسیاستدانوں کامنفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔ جبکہ فرقہ پرست تکفیری عناصر بھی اپنی بد زبانی اورکذب بیانی سے کام لے رہے ہیں ، ایسے رو یے ناقابل برداشت اور قومی وحدت و اتحاد کےلئے زہر قاتل ہیں۔ادھر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ خواجہ آصف نے سیاسی عناد کی بنیاد پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیکر ملک میں تفرقہ بازی پھیلانے کی کوشش کی ہے سنگین ترین صورتحال میں کسی سینئر سیاست دان کی طرف سے ایسے غیر منطقی اور بے سروپا بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی۔
تازہ ترین