• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، مزید 3 جانیں نگل گیا، تعداد 26 ہوگئی، مشتبہ مریض 15709 ،مصدقہ 2033 ہوگئے، پنجاب میں بھی سندھ کی طرح لاک ڈاؤن سخت

کورونا، مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ


کراچی، لاہور(اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ)پاکستان میں مہلک کوروناسے مزید3؍ افراد ہلاک ہوگئے،مجموعی تعداد26 ہوگئی،آج ملک میں ریکارڈ 270؍ نئے مریض سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 2033؍ ہوگئی، جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد15709ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد شمار کے مطابق ابتک58 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، تبلیغی مرکز میں مزید کیسز آنے کے بعد پنجاب حکومت نے رائیونڈسٹی کولاک ڈاؤن جبکہ تبلیغی مرکزکو قرنطینہ کردیا، رائیونڈ میں رینجرزکاگشت،تبلیغی مرکز پرپہرہ جاری ہے۔

 پنجاب میں بھی سندھ کی طرح لاک ڈائون میں سختی کر دی گئی، اب صوبے میں دکانیں جلد بند ہونگی، جبکہ شہریوں کوبھی گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ میں 24؍ گھنٹے کے دوران 110؍ نئے کیسز کا اضافہ ہوا،حیدرآباد کے 110 مریضوں میں سے 90کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے، پیر کو سندھ708، پنجاب میں 676، خیبرپختونخوا میں 253، گلگت بلتستان میں 178، بلوچستان میں 154، اسلام آباد میں 58، آزاد کشمیر میں 6؍ کیسز تھے، بلوچستان نےلوکل ٹرانسمیشن روکنے کیلئے 15ارب روپے جاری کر دیئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سندھ میں 2 اور خیبر پختونخوا میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے انتقال کرگیا، ملک میں مجموعی اموات 26 ہوگئیں۔گزشتہ روز پاکستان بھر سے کورونا کے مزید 270؍کیسز سامنے آگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2033؍ تک جاپہنچی ہے۔ 

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جسکے بعد کراچی میں اس مرض سے جاں بحق ہونے والو ں کی تعداد8ہوگئی ہے ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے مطابق منگل کو کورونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہوئے جن کی عمریں 74 اور70 سال تھیں ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 74سالہ مریض کو 26مارچ کو اسپتال لایا گیا جسے ذیابطیس اور سانس کی شدید بیماری تھی جبکہ 70سالہ مریض کو پیر کو اسپتال لایا گیا اور مرض کی تصدیق سے قبل ہی اسکا انتقال ہوگیا جسکے بعد ٹیسٹ کے نتائج میں اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

 ان دو ہلاکتوں کے بعد کراچی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 8ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف کے مطابق منگل کو سندھ میں110 نئے کیسز سامنے آئے جسکے بعد کراچی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 274، حیدرآباد میں128 ، دادومیں 1 ، جیکب آباد میں 1 ، سکھر میں ایران سے آئے متاثرہ زائرین کی تعداد265 جبکہ لاڑکانہ میں آئے زائرین کی تعداد7 ہوگئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اب تک مجموعی طور پر 6 ہزار578 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے676 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ ان مریضوں میں سے51 صحتیاب ہوئے ۔ صحت یا ب ہونے والوںمیں کراچی کے27، حیدرآباد کا ایک جبکہ سکھر کے 23افرادشامل ہیں جبکہ 8 افراد جاں بحق ہوئے اور 619 کا تاحال علاج جاری ہے ۔

 انہوں نے بتایا کہ زائرین کے علاوہ جن 378 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ان میں سے343 افراد ایسے ہیں جنہیں مقامی طور پر رابطوں و میل جول کےذریعے کورونا وائرس منتقل ہوا ۔ جبکہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مذید 10 مریض صحت یاب ہوگئےجس کے بعد شہر میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 27ہوگئی ہے ۔منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔

فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے۔ خیبر پختونخوا میں میں تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔صوبائی محکمہ صحت سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ او پی ڈیز یکم اپریل سے 13اپریل تک بند رہیں گی جبکہ مریضوں کی بہتر دکھ بھال کیلئے نجی کلینکس بھی بند کردیئے جائینگے۔ 

اعلامیے میں کہا گیا کہ مریضوں کو بلاتعطل علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی اسپتال اپنی ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنائینگے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔پاکستان میں پیر کے روزسندھ میں 110، گلگت بلتستان میں 50، بلوچستان میں 10، پنجاب میں 57، خیبرپختونخوا میں36 اور اسلام آباد میں مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین