• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 33، مریض 2360




ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2360 ہو گئی جبکہ اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو چکی ہے۔

وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے بیمار آج ایک اور شخص انتقال کر گیا، جاں بحق 66 سالہ شخص ٹنڈو محمد خان کا رہائشی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہلاکت کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

ایم ایس لیاقت یونیورسٹی ڈاکٹر مظہر کے مطابق مذکورہ مریض کو ٹنڈو محمد خان سے حیدر آباد منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مزید 17 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، شہرِ قائد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 285 ہے۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں مزید 9 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 743 ہے جبکہ 54 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ’بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا مکمل ٹیسٹ ہوگا‘

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 914 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد خیبر پختون خوا میں 276، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 187، اسلام آباد میں 62 جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 9 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے 19 ہزار 15 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا کے 12 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 107 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین