• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا اجلاس سے جانا،سیاسی اتفاقِ رائے کا موقع ضائع، فافن

کراچی(نیٹ نیوز)سول سوسائٹی کی 35 مختلف تنظیموں پر مشتمل فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک(فافن) نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔فافن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے وزیراعظم کے اٹھ کر چلے جانے کے بعد سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا ایک قیمتی موقع ضائع کردیا گیا۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ حزبِ اختلاف کی مثبت تجاویز کو سنے اور سیاسی اتفاقِ رائے کی راہ ہموار کرے۔ اس وبا کے شروع میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے حوصلہ افزا بیانات سامنے آئے تھے، تاہم جوں جوں اس کی سنگینی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے سیاسی رہنما بھی اپنی دیرینہ چپقلشوں کو ہوا دینے لگے ہیں۔ فافن کے بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے بلایا جانے والا پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی متنازع ہوگیا۔ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت ایک مثبت پیش رفت تھی لیکن ان کا حزب اختلاف کی رائے اور خدشات کو سنے بغیر چلے جانے سے مبینہ طور پر سیاسی اختلافات کو ہوا مِلی۔ فافن کا کہنا ہے کہ پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل 25 رکنی کمیٹی کے قیام کا مقصد کووِڈ-19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے بنائے جانے والے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور اس کے معاشی مضمرات پر نظر رکھنا ہے لیکن حکومتی ترجمان حزب اختلاف کو نشانے پر رکھے ہوئے ہیں ۔
تازہ ترین