• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت سہولتوں کیلئے مختص 11ارب روپے مصرف میں نہیں لائے گئے

اسلام آباد (طارق بٹ) وفاقی دارالحکومت میں موجودہ بجٹ میں صحت سہولیات کی بہتری کیلئے رکھے گئے 11 ارب روپے میں سے ایک بھی پیسہ مصرف میں نہیں لایا گیا۔ جون میں مالی سال کے اختتام کے ساتھ مختص کئے گئے فنڈز مسلسل دوسرے سال ختم ہوجائیں گے۔ منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد کیلئے ترقیاتی مختصوں کے جائزے نے حال ہی میں وزارت صحت اور دارالحکومت کے شعبہ صحت کے منیجرز کی کارکردگی کی ناقص تصویر پیش کی ہے۔ وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی انیشی ایٹوز اسد عمر نے دی نیوز کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات اور کی گئی کالز کا جواب نہیں دیا۔ دونوں کو ایک جیسا سوال بھیجا گیا کہ پمز، پولی کلینک اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی صحت سہولیات کیلئے مختص کئے گئے 11 ارب روپے میں سے وزیر صحت نے ایک بھی روپیہ استعمال نہیں کیا۔ یہ سوال دو دن تک بھیجا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ منصوبہ بندی کمیشن کی دستاویزات کے مطابق پمز کی اپ گریڈیشن اور سامان کیلئے رکھے گئے 6 ارب روپے میں سے ایک روپے بھی مصرف میں نہیں لائے گئے ۔ تمام ترقیاتی اسکیمیں منظور کی گئیں اور ان میں سے بہت سی 2018 سے منظور شدہ ہیں۔ اسی طرح سے پولی کلینک میں سامان اور بہتری کیلئے مختص کئے گئے 813 ملین روپوں میں سے کچھ بھی استعمال میں نہیں لایا گیا۔
تازہ ترین