• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبلیغی جماعت کیساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے،مجلس تحفظ ختم نبوت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) تبلیغی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک ناقابل برداشت ہے، حکومت بیورو کریسی اور پولیس کو واضح ہدایات جاری کرے، جماعت کی کردار کشی کرنے والے عناصر مشکل کی اس گھڑی میں قومی وحدت کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، تبلیغی جماعت پاکستان کا روشن چہرہ ہے اور انکی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے انہیں بے یارو مددگار سمجھنے کی غلط فہمی دور کر لی جائے۔ تبلیغی جماعت کی آڑ میں اسلام دشمنی کے اظہار کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ تبلیغی جماعت کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کیخلاف مؤثر آواز اٹھانے پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان، سپیکر قومی اسمبلی، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی و دیگر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اسلام آباد کے امیر مولانا عبدالرئوف، راولپنڈی کے امیر مولانا قاضی مشتاق احمد، مولانا طیب فاروقی، مولانا عبدالنعیم، جنرل سیکرٹری قاری عبدالوحید قاسمی، مولانا قاضی ہارون الرشید، خالد مبین، مولانا زاہد وسیم، مولانا عظم خان نے مشترکہ بیان میں کیا۔ علماء نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تبلیغی جماعت کے احباب کی دل شکنی و دل آزاری اللہ رب العزت کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے- انہوں نے مطالبہ کیا کہ تبلیغی جماعت کی کردار کشی کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔ تبلیغی جماعت کی کردار کشی کرنے والے عناصر قومی وحدت کے دشمن ہیں‘ انہیں بے نقاب کیا جائے۔ علماء نے مطالبہ کیا کہ حکومت بیورو کریسی، پولیس اور میڈیا کو اس حوالے سے فوری اور واضح ہدایات جاری کرے کہ تبلیغی جماعت کے احباب کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی روا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرون اور اندرون ملک مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تبلیغی جماعت کے احباب کو دیگر پاکستانیوں کی طرح سہولیات مہیا کی جائیں اور انہیں بحفاظت اپنے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔
تازہ ترین