• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی آڑ میں تبلیغی جماعت کا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے‘ن لیگ

کوئٹہ ( پ ر )پاکستان مسلم لیگ(ن)کوئٹہ ڈویژن کے صدرمحمد رحیم کاکڑ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان،آغا عمر شاہ،جنرل سیکرٹری جاوید اقبال،صدر تحصیل نا نا صاحب،میروائس کاکڑ ایڈووکیٹ،آصف ایڈووکیٹ،طارق بٹ ایڈووکیٹ،نسیم کاسی ایڈووکیٹ،ضلعی صدر پشین سعد اللہ ترین، وارث اچکزئی،نثاراچکزئی،حیدر اچکزئی، لیاقت راجپوت،طارق گل پیٹرک،ذاکر بنگلزئی،غلام آغا ،شنو گل اورارباب اقبال کاسی نے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلائو ایران کے راستے زائرین کی آمد کے ساتھ ہی شروع ہوا جو وفاق کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر میں پھیلا ۔ کورونا کی آڑ میں تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔ یہ سب کو معلوم ہے کہ کس کے کہنے پر زائرین کو آنے کی اجازت ملی۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کو کورونا کے پھیلائو کے لئے ایک خاص ذہنیت کے تحت ذمہ ڈار ٹھہرایا جارہا ہے پھر جہاں ان کی جماعتیں مراکز میں موجود ہیں یا کہیں سفر کررہی ہیں انہیں تشدد کا نشانہ بنا جارہا ہے اور ان کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت لاوارث نہیں ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تبلیغی جماعت کو بدنام صرف زلفی بخاری کو بچانے کیلئے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور تبلیغی جماعت کے خلاف میڈیا ٹرائل بند کرے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں وطن عزیز کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں اپنے غریب بہن بھائیوں کو یاد رکھیں اور دل کھول کر ان کی مدد کی جائے۔انہوں نے وزیراعلیٰ اورچیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس سے بے روزگار اور مہنگائی کی دلدل میں پھنسے عوام کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کریں اور امداد انتظامیہ کی بجائے بلدیاتی طرز پر تقسیم کرنے کا طریقہ کار اپنائیں جس سے حق حقدار کو ملے کیونکہ بلدیاتی نمائندے ہی ہر علاقے کے مستحق کو جانتے ہیں۔ کیونکہ انتظامی افسران کی توجہ زیادہ تر امداد کی تقسیم کی بجائے فوٹو سیشن پر رہتی ہے۔
تازہ ترین