• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز کا آپریشن، مزید 5 نوجوان شہید

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریا ستی دہشت گردی جا ری، پانچ مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیاگیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو کپواڑہ کے علاقے کیرن میں جاری فوجی آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے شہید کیا گیا، بھارتی فورسز نے اسی علاقے میں مجاہدین کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3فوجی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی کی ہے،علاقے میں فوجی آپریشن آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا ، ہیلی کاپٹرز جنگل کے علاقے پر منڈلاتے ہوئے بھی دیکھے گئے، گزشتہ دو روز میں قابض فورسز کی کارروائیوں میں شہید نوجوانوں کی تعداد 9 ہوگئی، کولگام میں شہید 4 نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا، پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون اور پابندیوں کے باوجود بھارتی فورسز کا آپریشن جاری ہے ۔ قابض فورسز نے اتوار کے روز مزید 5 نوجوانوں کو فوجی آپریشن کے دوران شہید کردیا ۔ ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ہانجی پورہ کے نڑگام گاوں ہارڈمنڈ گوری میں 4 نوجوانوں کو شہید کیا گیا جن کی شناخت صدام ملک ، اعجاز احمد نائیکو، شاہد صادق ملک اور وقار احمد کے نام سے ہوئی ہے،بھارتی حکام کے مطابق ان چاروں نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا ، قابض فورسز نے کلگام میں تین گھروں کو بھی تباہ کردیا تھا، کولگام میں بھارتی پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور آزادی اور اسلام کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے ،علاقے میں لوگوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ سے کئی افرادزخمی ہوگئے۔

تازہ ترین