• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، کورونا سے مزید 4 اموات، ہلاکتیں47، مریضوں کی تعداد 3160

پاکستان، کورونا سے مزید 4 اموات، ہلاکتیں47، مریضوں کی تعداد 3160


کراچی (ٹی وی رپورٹ) ملک میں کورونا سے مزید 4اموات کے بعد ہلاکتیں 47؍ اور مریضوں کی تعداد 3160ہو گئی۔ خیبرپختونخوا میں 2، پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی، ملک بھر میں اتوار کو 389 کیسز سامنے آئے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3160 تک جاپہنچی ہے۔جبکہ 190 مریض صحت یاب ہوگئے۔ 

آج پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں سے کے پی میں 2 جبکہ پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ 

ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی 47 ہلاکتوں میں سے 16 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جبکہ سندھ میں 15، پنجاب میں 12، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ 

ملک بھر میں آج 389 کیسز سامنے آئے جن میں سے پنجاب میں 293، سندھ میں 51، خیبرپختونخوا میں 33، بلوچستان میں 6، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ سندھ میں آج ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔ 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جسکے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 881 ہوگئی ہے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہروفیروز میں 2 جبکہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں آج مزید کئی مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں میں اب تک کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں تاہم این ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

دوسری جانب پنجاب میں اتوار کو مزید 293 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جسکے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1380 ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق صوبے میں وائرس سے متاثرہ 6 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں آج مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ 

وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹرنجیب نقی کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے جنہیں آئسو لیشن میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین