وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کی تبدیلیوں کا مقصد یہ بتانا تھا کہ پاکستان میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےاپنی ذات اور ٹیم سے خود احتسابی کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شخصیات کے بجائے اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، تنقید کرنے والوں میں ظرف ہونا چاہے کہ وہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کریں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اگر کسی نے عوامی مفاد کے خلاف کام کیا ہے تو اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ذاتی مفاد کے لیے عوامی مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عمران خان نے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے آج کی تبدیلیاں اسی سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس طرح کےخود احتسابی کے عمل کی کوئی مثال نہیں ملتی، پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت نے اپنے وزراء کے خلاف انکوائری کی اور رپورٹ جاری کی، وزیراعظم نے شفافیت کی راہ میں سیاسی مفاد کو بھی آڑے نہیں آنے دیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ انکوائری کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعظم کارروائی کے ساتھ متبادل پالیسی بھی قوم کے سامنے رکھیں گے، یہ مشکل فیصلے قوم کی بہتری کے لیے کیے گئے ہیں۔