پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امدادی رقوم کا حق جس انداز میں غریبوں کو دیا جا رہا ہے وہ خطرناک ہے۔
شہباز شریف کی زیرِ صدارت فلاحی اور امدادی کاموں سے متعلق پارٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلی گلگت بلتستان، پارٹی کے صوبائی صدور اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں سینئر رہنما راجہ اشفاق سرور کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی ہمت، جذبے اور اخلاص کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں طبی عملے اور شہریوں کے لیے حفاظتی کٹس پہنچا دی ہیں۔
لیگی صدر نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ غریبوں، ناداروں اور سفید پوش گھرانوں کے سر پر ہاتھ رکھیں، نمود و نمائش سے دامن بچائیں۔
حکومت کی جانب سے امدادی سامان کی فروخت سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امدادی رقوم کا حق جس انداز میں غریبوں کو دیا جا رہا ہے وہ خطرناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں امداد کے لیے آئی خاتون کے جاں بحق ہونے کی خبر افسوسناک ہے۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت امدادی رقوم اور راشن کی تقسیم کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائے۔