معروف بھارتی مصنف اور بلاگر اَوے شکلا نے وزیراعظم نریندر مودی کی ذہنیت، سوچ اور اس کے زیر اثر بھارتی علاقوں کو ’ڈفر زون‘ قرار دے دیا۔
بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو میں اَوے شکلا نے کہا کہ ڈفر زون دراصل ایک ذہنیت کا نام ہے جہاں تعلیم کم اور آبادی زیاد ہ ہے، جغرافیائی طور پر بھارت کا ڈفر زون شمالی بھارت اور شمال مشرقی حصہ ہے جو ہندو ہاٹ لائن کے طورپر جانا جاتا ہے اور جہاں بی جے پی کی اکثریت کے ساتھ بھارت کے نیشنل میڈيا کی بھی اکثریت پائی جاتی ہے۔
اَوے شکلا نے کہا کہ اگر وہ ڈفر زون کے خدو خال بنائيں تو اس میں ہندوتوا کا مذہبی رنگ شامل ہے جو عدم برداشت پر مبنی ہے، یہ دوسرے مذہب اور دوسری زبان کو برداشت نہیں کرتے اور تمام مسلمانوں کو دہشت گردوں سے جوڑ دیتے ہيں، جن میں بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی اور یونیورسٹی پروفیسر علی خان محمود آباد کی مثال نمایاں ہے، یہ ڈفر زون بتائی گئی ہر بات پر اندھا اعتقاد کرتا ہے۔