• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا امریکی ناظم الامور کو خط

مسلم لیگ نون کے صدراور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال ڈبلیو جونز کو جوابی خط لکھا ہے۔

شہباز شریف نے امریکی ناظم الامور کو خط میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس سے انسانی زندگیوں کو خطرات کے ساتھ انسانی سماج و معاشرت کا پورا تانا بانا متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف اجتماعی جنگ میں پاکستان کی مدد اور تعاون پر امریکا کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات اور روابط کہیں گہرے اور مضبوط ہیں، ہر بحران میں پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی ابھر کر سامنے آنا اس امر کا ثبوت ہے۔

انہوں نے امریکی ناظم الامور کو خط میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کسی سرحد کو نہیں پہچانتا، تمام خطے اس کی سفاکی اور تباہی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا کے خلاف تعاون کی جتنی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی

انہوں نے خط میں تحریر کیا ہے کہ اجتماعی طور پر کورونا کے عفریت کے خلاف جدوجہد نہ کی گئی تو نتائج بھگتنا ہوں گے، صورتِ حال کا تقاضہ ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرے۔

شہباز شریف کا اپنے خط میں مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے امریکا میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔

انہوں نے امریکی ناظم الامور کو اپنے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ امید ہے کہ امریکی عوام جلد موجودہ صورتِ حال پر قابو پالیں گے، پاک امریکا تعلقات پر آپ کی بریفنگ کے لیے شکر گزار ہوں۔

تازہ ترین