چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوگئیں مگر پاکستان میں مہنگا پیٹرول فروخت ہورہا ہے۔
چیئرمین پی پی پی کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں عالمی منڈی میں پیٹرول مہنگا تھا مگر عوام پر اس کا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ آج عالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوچکا مگر عوام کو اس کا فائدہ نہیں ہونے دیا جارہا۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی نرخوں میں کمی کے بعد عمران خان فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کو پاکستان میں سستا کریں۔
سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں عوام کی معاشی پریشانی کی باتیں کرنیوالے عمران خان مہنگا پٹرول بیچ کر معاشی پریشانی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب عوام کا معاشی قتل کرتے ہوئے مہنگا پیٹرول بیچنا، دوسری جانب ریلیف کی باتیں حکومت کا دہراپن ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا نہ کرکے عمران خان عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے امیروں کی تجوریاں بھر رہے ہیں۔