وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و امور داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ چینی کمیشن کی درخواست پر وفاقی کابینہ منگل کو غور کرے گی۔
ایک بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی فرانزک رپورٹ آج (25 اپریل) کو آنا تھی۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن نے رپورٹ جمع کرانے کے لیے حکومت سے 3 ہفتوں کی توسیع کی درخواست کی ہے جس پر وفاقی کابینہ آئندہ اجلاس میں غور کرے گی۔
چینی کمیشن کے چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی واجد ضیا نے جمعہ کو حکومت سے رابطہ کرکے باضابطہ طور پر درخواست کی تھی کہ کمیشن کو کام تکمیل کےلیے 3 اضافی ہفتوں کا وقت دیا جائے۔
کمیشن نے درخواست میں کہا تھا کہ مبینہ طور پر نہ صرف کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے بلکہ عدم تعاون جیسے مسائل بھی درپیش ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ کچھ معاملات ایسے بھی ہیں کہ کمیشن کو درکار معلومات تاخیر سے حاصل ہوئیں جبکہ کچھ معاملات میں مطلوبہ معلومات کا تاحال انتظار ہے۔