• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان کی موت پر بالی ووڈ اداکاروں کے تعزیتی پیغامات

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی سو سے زائد فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

عرفان خان کی اچانک موت نے دنیا بھر میں موجود اُن کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں کو افسردہ کردیا ہے، اُن کے لیے دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ عرفان خان بےپناہ ٹیلنٹ کے حامل ایسے اداکار تھے جنہوں نے سینما کو بہت کچھ دیا۔ وہ بہت جلدی چلے گئے اور اپنے پیچھے ایک بڑا خلا چھوڑ گئے ہیں۔‘

واضح رہے کہ امیتابھ بچن نے فلم پیکو میں عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا۔

بالی ووڈ اداکارہ و ہدایت کارہ نندیتا داس نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عرفان خان کی موت کی خبر انتہائی افسوس ناک ہے۔ عرفان خان کے ساتھ فلم سپاری میں کام کیا تھا، فلم کی شوٹنگ کے دوران ہم نے بہترین وقت ساتھ گزارا ، فلم کے بعد بھی ہم اکثر ملتے تھے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی فلم ’7 خون معاف‘ کی ایک تصویر شیئر کی جس میں عرفان خان نے ان کے ساتھ کام کیا تھا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں عرفان خان کی فیملی سے تعزیت بھی کی۔

اداکارہ ہما قریشی نے لکھا کہ عرفان خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بھارتی فلم ساز مہیش بٹ نے بھی ٹوئٹ کےذریعے عرفان خان کی موت پر افسردگی کا اظہار کیا ہے اور اُن کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اداکارہ پریتی زنٹا نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہیں عرفان خان کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا، وہ ایک باصلاحیت اور ورسٹائل اداکار تھے۔ اُن کے اہل خانہ سے اداکارہ نے تعزیت بھی کی۔

سیاسی رہنما راہول گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان خان ایک ورسٹائل اور ماہر فنکار تھے، فلم اور ٹی وی کی دنیا میں بھارت کے سفیر تھے۔

واضح رہے کہ عرفان خان کو گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔ عرفان خان کی طبیعت بڑی آنت میں انفیکشن کی وجہ سے ناساز تھی۔

یاد رہے کہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن کینسر کابھی شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گزشتہ سال واپس بھارت آئے تھے۔

تازہ ترین