• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور کی موت پر پاکستان فنکاروں کا اظہارِ افسوس

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اور سینئر اداکار رشی کپور کی موت پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بالی ووڈ اداکار رشی کپور موذی مرض کی وجہ سے اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے، اُن کی موت پر ناصرف بھارتی فنکار غمزدہ ہیں بلکہ پاکستانی فنکاروں نے بھی اُن کی موت پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی ٹی وی اور ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انٹرٹینمٹ انڈسٹری نے ایک اور لیجنڈ کھودیا ہے، 2020 ہم سب کے لیے مصیبت زدہ سال ثابت ہو رہا ہے۔‘

مہوش حیات نے لکھا کہ ’یہ سال سمجھا رہا ہے کہ زندگی کتنی نازک اور عارضی چیز ہے، اِس لیے ہمیں خوش رہنا چاہیئے، اپنے آس پاس کے لوگوں کا احترام کرنا چاہیے، اُن کی قدر کرنی چاہیے اور اُنہیں اُس وقت پیار دینا چاہیے جب وہ ہمارے ساتھ ہوں۔‘

یہ بھی پڑھیے: رشی کپور کی موت نے بھارتی فنکاروں کو غمزدہ کردیا

ماہرہ خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے لیے زندگی بہت چھوٹی تھی جبکہ آپ اِس سے بڑے تھے، آپ ہمیشہ ہمارے دِلوں میں رہیں گے۔‘


ماورا حسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’لوگ آپ کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے، میں جب بھی آپ سے ملی ہم نے اُردو کی تعریف اور سرحد کے دونوں اطراف کے کھانوں پر وسیع گفتگو کی جو مجھے آج بہت یاد آرہی ہے، آپ لیجنڈ تھے اور رہیں گے۔‘


یہ بھی پڑھیے: آنسو نہیں، مُسکراہٹ کے ساتھ رشی کپور کو یاد رکھیں گے، اہلِ خانہ

حریم فاروق نے انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دو لیجنڈز، دو دن، ابھی تک یقین نہیں آرہا۔‘


اداکارہ نے لکھا کہ ’رشی کپور ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے کئی دہائیوں تک اپنی پرفارمنس سے اسکرین کو روشن کیا، آپ کا شکریہ، آپ ہمیشہ ہمارے دِلوں میں زندہ رہیں گے۔‘

ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر رشی کپور کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کتنا بڑا نقصان ہے، یہ ایک انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ رشی صاحب اب نہیں رہے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’یہ تصویر اُس وقت کی ہے جب ہم رشی صاحب کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے اُن سے ملنے گئے تھے، وہ بہترین سے بہترین شخص تھے۔‘

سونیا حسین نے بھی انسٹاگرام پر رشی کپور کی کچھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اسی لیے رشی کپور کی موت سے دنیا بھر میں موجود ان کے مداح افسردہ ہیں۔



سونیا حسین  نے رشی کپور کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے اور لکھا کہ رشی کپور  اس دُنیا سے تو چلے گئے ہیں لیکن وہ ہمارے دِلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

یاسر حسین نے بھی انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُن کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

View this post on Instagram

chintu jee .... #rip

A post shared by Yasir Hussain (@yasir.hussain131) on


واضح رہے کہ موذی مرض کینسر کو شکست دینے والے رشی کپور نے گزشتہ روز  ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال میں اپنی زندگی کی آخری سانسیں لی تھیں۔

رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔

تازہ ترین