• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ میرا نے بھارتی اداکار رشی کپور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ رشی کپور اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بھی تھے۔

اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی اداکار رشی کپور کی موت کی خبر سن کر گہرے صدمے میں ہیں، ان کی رشی کپور سے ممبئی میں ملاقات ہوئی تھی۔

میرا کا کہنا ہے کہ رشی کپور بہت ہمدرد انسان تھے، ان کی طبیعت دوستانہ تھی۔ 

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی رشی کپور کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی، جبکہ رشی کپور بھی ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رشی کپورآج ممبئی میں چل بسے، اُن کی عمر67 سال تھی۔

موذی مرض کینسر کو شکست دینے والے رشی کپور کو سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ روز طبعیت بگڑنے پر ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رشی کپور کے لواحقین میں اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ، بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما کپور شامل ہیں۔

رشی کپور کا تعلق بالی ووڈ کے مشہور کپور خاندان سے تھا، وہ ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔

1973 میں فلم ’بوبی‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے رشی کپور نے آخری بار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’دی باڈی‘ میں کام کیا تھا۔

ٹوئٹر پر فعال رہنے والے رشی کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔ یہ فلم ہالی ووڈ فلم ’’دی انٹرن‘‘ کا ہندی زبان میں ری میک تھی۔

اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد بھارتی فلموں میں کام کیا تھا، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، امر اکبر انتھونی، لیلیٰ مجنوں، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ اور دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین