بھارتی اداکار سنجے دت کا رشی کپور کی موت پر کہنا ہے کہ آج میں نے ایک بھائی، ایک دوست اور ایک ایسے شخص کو کھو دیا ہے جس نے مجھے ہنسی خوشی زندگی گُزارنے کا طریقہ سکھایا تھا۔
بھارتی اداکار سنجے دت نے بالی ووڈ سینئر اداکار رشی کپور کی موت پر اُن کے نام تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک غمگین پیغام لکھا کہ ’میرے عزیز چنٹو صاحب! آپ ساری زندگی اور کریئر میں میرے لیے ایک متاثر کُن شخصیت رہے ہیں، آپ نے مجھے زندگی گُزارنے کا طریقہ اور زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنا سکھایا۔‘
سنجے دت نے لکھا کہ ’مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں نے آپ کے ساتھ بہت ساری فلموں میں کام کیا اور وہاں آپ نے ہمیشہ میری رہنمائی کی۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ ایک طویل عرصے سے کینسر سے لڑ رہے تھے لیکن اِس دوران آپ نے مجھے کبھی یہ احساس ہونے نہیں دیا کہ آپ نیو یارک میں تکلیف میں ہیں اور آپ مجھ سے گفتگو کرتے ہوئے تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔‘
سنجے دت نے لکھا کہ ’آخری بار جب میری آپ سے ملاقات ہوئی تھی تو اُس وقت بھی آپ میرے لیے بہت پریشان تھے، آپ نے ہمیشہ میرا خیال رکھا ہے۔‘
بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’آج کادن میرے لیے انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ آج میں نے اپنی فیملی کے ایک رکن، ایک بھائی، ایک دوست اور ایک ایسے شخص کو کھو دیا ہے جس نے مجھے ہنسی خوشی زندگی گُزارنے کا طریقہ سکھایا۔‘
آخر میں سنجے دت نے لکھا کہ ’میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، چنٹو صاحب میں ہمیشہ آپ کو یاد کرتا رہوں گا۔‘
واضح رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بھارتی اداکار رشی کپور آج صبح بھارت کے ایک اسپتال میں اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔