• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنسو نہیں، مُسکراہٹ کے ساتھ رشی کپور کو یاد رکھیں گے، اہلِ خانہ

بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور کی موت پر اُن کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اداکار کو آنسوؤں کے ساتھ نہیں بلکہ مُسکراہٹ کے ساتھ یاد رکھیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی موت پر بیان دیتے ہوئے اُن کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ’ہمارے پیارے رشی کپور گزشتہ دو سال سے جان لیوا مرض سے لڑتے ہوئے آج صبح 8 بج کر 45 منٹ پر پُرسکون طور پر اسپتال میں اِس دُنیا سے چلے گئے۔‘

رشی کپور کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ’اسپتال انتظامیہ کے مطابق رشی کپور اپنے آخری لمحات میں بھی خوش تھے اور اُن کے چہرے پر مُسکراہٹ تھی اِس لیے ہم بھی رشی کپور کو آنسوؤں سے نہیں بلکہ مُسکراہٹ کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘

اداکار کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ’رشی کپور دو براعظم میں اپنے مرض کے علاج کے بعد بھی زندہ رہنے کا عزم رکھتے تھے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اِن دو سال کے دوران خاندان، دوست، فلمیں اور کھانا رشی کپور کی توجہ کا مرکز تھا اور جو بھی اُن سے ملتا تھا تو وہ یہی کہتا تھا کہ رشی کپور نے کیسے اپنی بیماری سے جنگ کی۔‘

رشی کپور کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ’وہ بہت خوش ہوتے تھے کہ دُنیا بھر میں موجود اُن کے لا تعداد مداح اُن سے بےحد محبت کرتے ہیں اور اُن کے مداحوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ رشی کپور کو دُکھی ہوکر نہیں بلکہ خوش ہوکر یاد کرنا ہے۔‘

بھارتی اداکار کے اہلِ خانہ نے مزید کہا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ دُنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن ہے اور عالمی وبا کے پیش نظر ہجوم پر پابندی ہے لہٰذا ہماری رشی کپور کے مداحوں، خیر سگالیوں اور دوستوں سے گزارش ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور حکومتی اقدامات کا احترام کریں۔‘

واضح رہے کہ رشی کپور کے اہلِ خانہ میں اُن کی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ،  بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما کپور شامل ہیں۔

تازہ ترین