• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریم کا علی رحمٰن کی سالگرہ پر خوبصورت پیغام

پاکستان فلم اور ڈراما انڈسڑی کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے سوشل میڈیا پر اداکار علی رحمٰن کو سالگرہ کی مبارکباد دے دی۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حریم فاروق نے اپنے دوست اور اُن کے ساتھ متعدد پروجیکٹس میں کام کرنے والے اداکار علی رحمٰن کے ساتھ اپنے کچھ یادگار لمحات شیئر کیے ہیں۔


حریم فاروق نے اِن تصاویر کے ساتھ ہی علی رحمٰن کے لیے اُن کی سالگرہ کے حوالے سے ایک پیغام بھی جاری کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ پیغام میں حریم فاروق نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو، قرنطینہ کے دوران آپ کی سالگرہ ایک خاص پوسٹ کی حقدار ہے لہٰذا میں نے اپنی اِس پوسٹ میں وہ تمام تصاویر شیئر کی ہیں جو ہمارے قیمتی لمحات ہیں اور ہماری دوستی کو بہترین طریقے سے بیان کرتی ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے آپ کے ساتھ کسی بھی لمحے میں خود کو سُست اور تھکا ہوا محسوس نہیں کیا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِن تصاویر سے اِس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگر ہم ہنس نہیں رہے ہیں تو یقیناً ہم کسی موضوع پر بحث کر رہے ہیں اور اگر ہم بحث نہیں کر رہے ہیں تو یقیناً ہم ہنس رہے ہیں۔‘

حریم فاروق نے لکھا کہ ’میرے ساتھ ہر پروجیکٹ کو یاد گار بنانے کے لیے اور ایک سچا دوست بننے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

دوسری جانب علی رحمٰن نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی سالگرہ کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں اداکار کیک کھاتے نظر آرہے ہیں۔

علی رحمٰن نے ٹوئٹر پر اِن تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اداکار کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

اداکار نے لکھا کہ ’قرنطینہ میں میری پہلی سالگرہ کے موقع پر آپ سب کی نیک خواہشات اور دُنیا بھر سے ملنے والے خوبصورت پیغامات کے لیے تمام لوگوں کا بہت شکریہ۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ یاد رکھیں کہ ہمیں خود کو خاص محسوس کرنے کے لیے اپنے اردگرد ہزاروں لوگوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔‘

علی رحمٰن کے اِس ٹوئٹ پر پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار، سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے بھی اُن کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

ابرارالحق نے لکھا کہ ’اُمید کرتا ہوں کہ آپ کا یہ خاص دن آپ کو بہت ساری خوشیاں اور محبت دے گا۔‘

یاد رہے کہ حریم فاروق اور علی رحمٰن ناصرف بہت اچھے دوست ہیں بلکہ اِن دونوں نے ایک ساتھ بہت سی سُپر ہٹ فلموں اور ڈراموں میں کام کیا ہے اور مداحوں کی جانب سے اِن کی جوڑی کو بھی بےحد پسند کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین