تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار امیتابھ بچن نے دو بھارتی لیجنڈز عرفان خان اور سری دیوی کو یاد کرتے ہوئے اُن کا ایک فوٹو کولاج شیئر کیا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے جانے والے فوٹو کولاج میں ایک تصویر بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’خدا گواہ‘ کی ہے جس میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی نے امیتابھ بچن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ دوسری تصویر فلم ’پیکو‘ کی ہے اور اِس تصویر میں امتیابھ بچن کے ساتھ عرفان خان اور دپیکا پڈوکون ہیں۔
اِس فوٹو کولاج کو شیئر کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے لکھا کہ آج فلم ’خدا گواہ‘ کے 28 سال اور فلم ’پیکو‘ کے 5 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’آج کا دن اُن دو لیجنڈز کی یاد میں جو ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔‘
دوسری جانب بالی ووڈ فلم اسٹار دپیکا پڈوکون نے بھی عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے انسٹاگرام پر فلم ’پیکو‘ کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو میں دپیکا پڈوکون اپنے ساتھی اداکار عرفان خان کے ساتھ ٹینس کھیل رہی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’واپس آجاؤ‘، اور ساتھ میں ہیش ٹیگ عرفان خان بھی استعمال کیا ہے۔
دپیکا پڈوکون نے اپنی ایک اور پوسٹ میں فلم ’پیکو‘ کے ہدایت کار شوجیت سرکار اور ساتھی اداکار عرفان خان کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں محوِ گفتگو ہیں۔
اُنہوں نے اِس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے عرفان خان کے لیے فلم ’پیکو‘ کے گانے ’لمحے گُزر گئے‘ کے بول بھی لکھے۔
یاد رہے کہ فلم ’پیکو‘ وہ واحد فلم ہے جس میں امیتابھ بچن اور دپیکا پڈوکون نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا۔
اِس فلم میں دپیکا پڈوکون نے ’پیکو‘ کا، امیتابھ بچن نے ’بھسکور بنرجی‘ اور عرفان خان نے ’رانا‘ کا کردار ادا کیا تھا۔
یہ فلم 2015 میں ریلیز ہوئی تھی اور آج اس کے 5 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی لیجنڈری اداکار عرفان خان آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی میں انتقال کرگئے تھے۔