• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں ثروت گیلانی نے تسبیح بنانا سکھا دی


پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ثروت گیلانی نے رمضان المبارک کے پیش نظر بچوں کے لیے منفرد اور رنگین تسبیح بنانا سکھادی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں ویڈیوز میں اداکارہ مہارت سے رنگین موتیوں، دھاگے، اون اور سوئی کی مدد سے بچوں کے لیے تسبیح بناتی دکھائی دیں۔


اداکارہ کا کہنا تھا کہ مختلف موتیوں سے تسبیح بنائی جاسکتی ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر پر موجود کسی بھی قسم کے موتیوں سے رنگین تسبیح بنائیں اور بچوں کو پڑھنے کی ترغیب دلائیں۔

ثروت کا کہنا تھا کہ تسبیح کیا ہے، اس میں ہم کیا پڑھتے ہیں اور اس کی ہماری زندگی میں کیا اہمیت ہے، بچوں کو یہ سب بتانا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ بھی گھر میں ان کے بتائے گئے طریقے سے تسبیح بنا کر انہیں ٹیگ کریں تاکہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان کی بنائی گئیں تسبیحات شیئر کریں۔


واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ وقت گزاری کے لیے سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارم پر فعال ہیں۔

اداکارہ ثروت گیلانی نے  آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے گھروں میں موجود بچوں کے لیے نئی نئی چیزیں بنانا سکھانے کا فیصلہ کیا تھا۔


رمضان المبارک کی آمد سے قبل ثروت گیلانی نے آرٹ ورک کا سہارا لیتے ہوئے بچوں کے لیے ایک مسجد بنائی تھی جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ ان کے آرٹ ورک کو اپنے اپنے گھروں میں بنا رہے ہیں۔

نئی نئی آرٹ کی سرگرمیوں سے متعلق ویڈیوزشیئر کرنے پر مداحوں کی جانب سے ثروت کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔

تازہ ترین