اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے الزامات آج تک ثابت نہیں ہوئے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان نے الزام لگایا کہ پاناما کیس میں خاموشی اختیار کرنے پر میں نے اپنے فرنٹ مین جاوید صادق کے ذریعے اُنہیں 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عمران خان نے پھر ملتان میٹرو میں گڑ بڑ کا الزام لگایا، چین نے اس بے بنیاد الزام کو مسترد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تک عدالت میں ان الزامات کے حق میں عمران خان کی طرف سے ایک ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ پر افسوس ہے، یہ گٹھ جوڑ بدترین نااہلی اور چینی، گندم، ادویات اور بی آر ٹی پشاور میں اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیا پروپیگنڈے کے پرانے گھسے پٹے ہتھکنڈے آپ کی نااہلی اور خراب حکمرانی چھپا نہیں سکتے۔