وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے روبرو کراچی چیمبر آف کامرس نے وفاقی بجٹ سے متعلق دوٹوک پیغام دے دیا۔
کراچی چیمبر نے کہا کہ وفاقی بجٹ خامیاں دور کیے بغیر منظور کیا گیا، ایف بی آر کو دیے گئے متنازع اختیار پر ہڑتال کی کال برقرار ہے۔
محسن نقوی نے کراچی چیمبر آمد پر کہا کہ مضبوط معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے، مسائل حل کیے جائیں گے۔
سوال اٹھایا گیا کہ کیا وہ تاجروں کی ہڑتال کی کال پر کراچی چیمبر ملنے آئیں ہیں؟ اور کیا ہڑتال ہوگی؟ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے تاجروں کی ممکنہ ہڑتال پر جواب دینے سے گریز کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ محرم پرامن گزرا ہے، شہر میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے، اسمگلنگ بھی کم ہوئی ہے، بہتر نتائج کےلیے بارڈر فورسز کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں سیف سٹی منصوبے پر وزیراعظم کی توجہ ہے، پاکستان کے پاسپورٹ کی اہمیت آئندہ چند سالوں میں مزید بہتر ہوگی۔
صدر کراچی چیمبر نے خطبہ استقبالیہ دیا اور کہا کہ رواں مالی سال کا بجٹ خامیوں کو دور کئے بغیر منظور کیا گیا ہے۔
صدر کراچی چیمبر سے استفسار کیا گیا کہ کیا 37 اے پر ہڑتال کی کال برقرار رہے؟ تو انہوں نے جواب دیا برقرار رہے۔