• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوبصورت نظر آنا ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے اور اِس ضمن میں وہ اپنی جِلد کو دلکش اور حسین بنانے کے لیے ہر وہ طریقہ اپناتی ہے جس سے وہ سب سے زیادہ حسین نظر آئے لیکن بعض اوقات کچھ خواتین اپنی جِلد کے لیے ایسے کیمیکلز کا بھی استعمال کرلیتی ہیں جن سے اُن کی جِلد مزید خراب ہوجاتی ہے۔

ایسے میں ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ اپنی جِلد پر کیمیکلز کے بجائے قدرتی چیزوں کا استعمال کریں تو وہ آپ کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔

ماہرین جِلد کی خوبصورتی کے لیے 3 ایسے ضروری آئلز بتاتے ہیں جو آپ کی جِلد کو ایکنی، کیل مہاسے، چکنا پن، خشکی اور دیگر مسائل سے بچا سکتے ہیں، اِس کے ساتھ ہی آپ کی جِلد کو تروتازہ اور دلکش بھی بنانے میں مدد کریں گے۔ 

حسین جِلد کے لیے ضروری آئلز:

ٹی ٹری آئل:

ٹی ٹری خوشبو والی جھاڑیاں ہوتی ہیں جن سے تیل نکالا جاتا ہے اور یہ تیل بہت سے فوائد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹی ٹری آئل کو جِلد کے لیے مفید اِس لیے سمجھا جاتا ہے کیونکہ اِس میں موجود اینٹی بیکٹریل کی خصوصیات ہماری جِلد پر موجود مہاسوں کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

ٹی ٹری آئل کے صرف جِلد سے متعلق فوائد نہیں ہیں بلکہ اِس کے استعمال سے سَر کی خشکی بھی ختم ہوجاتی ہےاور یہ کیڑے کے کاٹنے کی وجہ سے ہونے والے زخم پر بھی مرہم کے طور پر لگایا جاتا ہے۔

وٹامن سی اور ای آئل:

وٹامن سی اور وٹامن ای آئل دونوں ہی ہماری جِلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتے ہیں، یہ ایکنی، کیل مہاسے، خشکی، بڑھتی عُمر کے اثرات اور جِلد کے دیگر مسائل سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

آپ اِن میں سے کسی بھی ایک آئل کا انتخاب کرسکتے ہیں کیونکہ دونوں آئل میں ایک جیسی ہی خصوصیات موجود ہوتی ہیں اور بازار میں وٹامن سی اور ای آئلز کا مرکب بھی دستیاب ہوتا ہے تو اگر آپ چاہیں تو آپ وہ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

لیونڈر آئل:

لیونڈر آئل کے مختلف قسم کے فوائد ہیں، یہ آئل آپ کے دماغ کو سکون پہنچانے اور آپ کو بھرپور نیند فراہم کرتا ہے۔

یہ آئل آپ کی خوبصورت جِلد کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔ اگر باقاعدگی سے روزانہ اِس آئل کا استعمال کریں گے تو آپ کی جِلد چمکنے لگے گی۔

اِس کے علاوہ اِس آئل میں اینٹی سوزش کی خصوصیت بھی موجود ہوتی ہے جو ہمارے جسم کے کسی بھی حصے پر موجود سوزش کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔

ضروری آئلز کا استعمال کیسے کریں؟

ماہرین کہتے ہیں کہ آپ اِن آئلز کو فوراً سے اپنی جِلد پر نہ لگائیں کیونکہ ہر ایک کی جِلد مختلف ہوتی ہے اِس لیے پہلے آپ اِن آئلز کا اپنے ہاتھ پر پہلےٹیسٹ کرلیں اگر آپ کے ہاتھ کی جِلد پر اِس کے خراب اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں تو آپ یہ آئلز اپنے چہرے پر لگاسکتے ہیں لیکن اگر پیچ ٹیسٹ کے دوران آپ کو کسی بھی قسم کی کوئی جلن وغیرہ محسوس ہو تو آپ اپنے چہرے پر اِن آئلز کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔

تازہ ترین