• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محتاجوں، غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، ان کی معاونت، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ دوسروں کی مدد کرنے، ان کے ساتھ تعاون کرنے، ان کے لیے روزمرہ کی ضرورت کی اشیا فراہم کرنے، کسی کو مشکلات سے نکالنے اور اس کے مسائل حل کرنے کو دین اسلام نے کارِ ثواب اور اپنے ربّ کو راضی کرنے کا نسخہ قرار دیا ہے۔ ارشادِ پروردگار ہے کہ کون شخص ہے جو اللہ تعالیٰ کو قرض حسنہ دے تا کہ اللہ تعالیٰ اُسے کئی گنا بڑھا کر واپس کرے، مال کا گھٹانا اور بڑھانا سب اللہ ہی کے اختیار میں ہے، اور اسی کی طرف تمہیں پلٹ کر جانا ہے۔ (سورۃ البقرہ 245)یہاں قرض حسنہ سے مراد اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے اس کے بندوں کی مدد کرنا یعنی اللہ تعالیٰ کے راستے میں خرچ کرنا ہے۔ اسی حوالے سے ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ’’صدقہ مال کو کم نہیں ہونے دیتا (خواہ آمدنی بڑھ جائے یا برکت بڑھ جائے یا ثواب بڑھتا رہے )‘‘۔ (صحیح مسلم) شیخ سعدیؒ کا ایک قول ہے کہ نیکی کر، اس سے قبل کہ آواز آئے: فلاں شخص اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

کاروانِ علم فائونڈیشن کی سربراہی جناب مجیب الرحمٰن شامی اور الطاف حسن قریشی جیسے نامور افراد کر رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ہم تعلیم کے ذریعے طلبہ کو مچھلی دینے کے بجائے مچھلیاں پکڑنے کا طریقہ سکھا دیں۔ غریب لوگوں کی مدد کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں، جن میں سے ایک یہ ہے کہ انہیں تعلیم دی جائے کیونکہ علم غریب عوام کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔ انہیں مفت تعلیم دینے سے انفرادی طور پر ترقی کرنے، بہتر زندگی گزارنے، ملازمت حاصل کرنے اور کیریئر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ فائونڈیشن یہی فریضہ سر انجام دے رہی ہے اور ہم سب کے تعاون کی متمنی ہے۔ اس ادارے کے دروازے ضرورت مند طلبہ کے لیے سارا سال کھلے رہتے ہیں۔ ضرورت مند طلبہ و طالبات سال کے کسی بھی وقت مالی معاونت کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس فائونڈیشن کا وظائف جاری کرنے کا طریقہ بڑا باوقار ہے، ایسا کہ طلبہ کو مالی مدد بھی مل جائے اور ان کی عزتِ نفس بھی مجروح نہ ہو۔ ہر طالبعلم کی درخواست کا انفرادی جائزہ لیا جاتا ہے اور ہر طالبعلم کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وظائف جاری کیے جاتے ہیں۔ کاروانِ علم فائونڈیشن درخواست گزار طلبہ کو سالانہ فیس، سمیسٹر فیس، ہاسٹل کرایہ، ماہوار خرچ، طعام، کتب، کرایہ آمد و رفت وغیرہ کی مدات میں لاکھوں بلکہ کروڑوں روپے کے وظائف ہر سال جاری کرتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ زیر کفالت طلبہ کی بیوہ مائوں اور ضعیف والدین کو گھریلو اخراجات کے لیے بھی وظائف جاری کرتی ہے تاکہ باصلاحیت طلبہ مکمل اطمینان اور یکسوئی سے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

یہ فائونڈیشن کیسے بنی اور اب تک اس کی کارکردگی کیا رہی ہے‘ یہ ساری معلومات فائونڈیشن کی ویب سائٹ پر تفصیل کے ساتھ موجود ہیں۔ باقی معلومات معروف صحافی خالد اور ہمارے دوست مہربان (جو آج کل تھوڑے بیمار ہیں مگر بستر پر لیٹے بھی ہر وقت یہ کام کر رہے ہیں) ارشاد صوفی کی کتاب ’’جوہرِ قابل‘‘ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس کتاب کا دوسرا حصہ بھی تدوین کے مراحل میں ہے اور جلد فائونڈیشن کی نئی جہات، نئے کارناموں کو اجاگر کرتا نظر آئے گا۔ اس وقت کاروانِ علم فائونڈیشن کے 360زیر کفالت طلبہ کے علاوہ 725طلبہ کی درخواستیں زیر غور ہیں، جنہیں مالی سال 2020-2021 کے دوران وظائف جاری کرنے کے لیے تقریباً آٹھ کروڑ روپے درکار ہیں۔

سندس فائونڈیشن کو کون نہیں جانتا، یہ تھیلیسیما کے بچوں کے لیے انتقال خون کا بندوبست کرتی ہے۔ یہ کام مشکل اور تکلیف دہ بھی ہے۔ اس ادارے کا سالانہ خرچ کئی کروڑ ہے، منو بھائی اس ادارہ کی بنیادی پہچان تھے، ہیں اور رہیں گے۔ لیکن منو بھائی کو اس عظیم مشن کے لئے صدر سندس فائونڈیشن یٰسین خان نے منتخب کیا اور پھر انہیں تیار کیا کہ وہ سندس فاونڈیشن کا ساتھ دیں۔ یٰسین خان ہمارے دوست ہیں، سادہ اور باوقار زندگی گزارانے کے ساتھ ساتھ اپنے مشن سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ سندس فائونڈیشن کے لئے بچوں کا خیال رکھنا، فنڈز اکٹھے کرنا، تشہیری مہم چلانا کوئی ان سے سیکھے، ان کے اخلاص اور آپ کے مالی تعاون سے کراچی جیسے بڑے شہر میں یہ عنقریب فائونڈیشن کی برانچ کھولنا چاہتے ہیں، آئیں! ان کا ساتھ دیں۔

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ دیہات کے بچوں کو فی سبیل اللہ تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ یہ ادارہ علم کی پہچان اور خدمت کا نام ہے۔ اس وقت 700اسکول، 98ہزار طلبہ و طالبات، 4ہزار اساتذہ اور 47ہزار یتیم اور ضرورت مند بچوں کی مدد کر رہا ہے۔ نور الہدیٰ اور سید عامر جیسے دردِ دل رکھنے والے احباب اس ادارے کو چلا رہے ہیں۔ عید کی آمد آمد ہے، غریب بچوں کو کپڑے اور عیدی دینے کے مشن کا آپ بھی حصہ بن سکتے ہیں۔ میرے نبیﷺ نے فرمایا تھا کہ اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے۔ کاروانِ علم فائونڈیشن، سندس فائونڈیشن اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ جیسے ادارے آپ کی فیاضی کے منتظر ہیں۔ دل کھول کر عطیات، زکوٰۃ، صدقات اور خیرات سے ان کی مدد کیجئے۔

تازہ ترین