• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹا ملز بند کردی گئیں

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آٹا ملز بند کردی گئی


پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہڑتال کے اعلانات کے بعد اب دونوں صوبوں میں مختلف فلور ملز مالکان نے احتجاجاً ملز بند کردی ہیں، جس کے بعد ملک میں آٹے کے بحران کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

پنجاب کے ضلع بہاولپور میں 38 فلور ملز نے حکومتی پالیسی کے خلاف کام بند کردیا۔

فوکل پرسن فلور ملز ایسوسی ایشن عثمان مقبول کے مطابق ملز نے ہڑتال گندم خریدنے کے پرمٹ منسوخ کرنے اور گندم کی سپلائی پر بندش کے خلاف کی ہے۔

ادھر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فلور ملز کی ہڑتال کے باعث آٹا چکیوں پر سپلائی بند ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، رحیم یار خان میں 65 فلور ملز بند ہیں۔

صدر آٹا ملز محمود درانی کے مطابق محکمہ خوراک کا ہدف پورا ہونے کے باوجود گندم خریداری کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

چئیرمین فلور ملز میاں ندیم کے مطابق سرگودھا بھر کی تمام فلور ملز مالکان ہڑتال پر ہیں۔

بورےوالا، وہاڑی، میلسی میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کی مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔

لاہور میں فلورملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں عبدالرؤف مختار اور عاصم رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب بھر میں فلور ملز بند کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی آج سے احتجاجاً ہڑتال کا آغاز کردیا۔

خیبرپختونخوا کی فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی بند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی ترسیل پر پابندی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر نے وڈیو بیان میں کہا کہ صوہے کی 180 فلور ملز بند رہیں گی جس سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین