• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت، محمد عامر کی شمولیت پر غور

دورہ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے سلیکٹرز نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پرابتدائی مشاورت شروع کردی ہے۔ عید کے بعد سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان بھی مشاورت ہوگی جس کے بعد امکان ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان دنوں دورہ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے دو روز قبل پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بریفنگ بھی دی ہے اور اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔کرکٹرز کی صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی دلاتے ہو ئے پی سی بی نے اعلان کیا کہ جون کے اوائل میں کرکٹرز کے لئے ٹریننگ پلان تیار کیا جا رہا ہے، کرکٹرز گروپ کی شکل میں تربیت حاصل کریں گے جس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو ہر طرح سے طبی لحاظ سے محفوظ بنایا جائے گا۔ پاکستان 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلے گاٹریننگ کیمپ کے لیے کون کون ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہو گا، اس کے لیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا جائے گا ۔ کیمپ میں سنٹر ل کنٹریکٹ میں شامل تمام21کھلاڑی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ فواد عالم سمیت ان کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا جو حالیہ اسکواڈز کا تو حصہ رہے ہیں لیکن کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں، ان میں محمد موسیٰ، عماد بٹ، خوشدل شاہ اور عثمان قادر کے نام ہیں۔ سلیکٹرز محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے حوالے سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں تھے لیکن اب محمد عامر کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ٹریننگ سے قبل تما م کرکٹرز، اسپورٹ اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیخلاف اس سال ہونیوالی سیریز کا مجوزہ پلان تیار کرلیا ہے، پلان کے مطابق پاکستان ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

تازہ ترین