• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نامور سوشلسٹ رہنما چوہدری فتح محمد انتقال کرگئے

لیڈز (پ ر) برصغیر کے نامور سوشلسٹ رہنما اور پاکستان میں کسان تحریک کے بانی چوہدری فتح محمد انتقال کرگئے۔ وہ سائوتھ ایشین پیپلز فورم برطانیہ کے کوآرڈینیٹر پرویز فتح کے والد اور بیرسٹر راشد اسلم کے ماموں تھے۔ برطانیہ، پاکستان، کشمیر، بھارت اور بنگلہ دیش کے انقلابیوں کا زبردست خراج عقیدت، جدوجہد جاری رکھنے کا عزم، سائوتھ ایشین پیپلز فورم، عوامی ورکرز پارٹی (برطانیہ) ورکرز پارٹی بنگلہ دیش (برطانیہ)، جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی، انڈین ورکرز ایسوسی ایشن، کمیونسٹ پارٹی برطانیہ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکیسٹ) کے تعزیتی پیغامات۔ 97سالہ چوہدری فتح محمد نے اپنی ساری زندگی کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے مظلوم و محکوم طبقوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں گزار دی، قیام پاکستان سے لے کر جنرل م شرف کے دور تک ہر حکومت نے انہیں جیلوں میں ڈالا اور اذیتیں دیں۔ حتیٰ کہ لاہور قلعے کا تشدد بھی انہیں اپنے نظریات سے وابستگی اور جدوجہد کے راستے سے بھٹکا نہ سکا۔ چوہدری فتح محمد ساری زندگی پاکستان میں ترقی پسند سیاست اور عملی جدوجہد کی علامت بنے رہے، جسے انہوں نے اپنی خود نوشت سوانح ’’جو ہم پہ گزری‘‘ میں آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کردیا۔ چوہدری فتح محمد ہمیشہ بائیں بازو کی ایک وسیع اور منظم تحریک کے قیام کے لیے کوشاں رہے۔ نیشنل عوامی پارٹی بھاشانی بعدازاں بنگلہ دیش بننے کے بعد انہوں نے ساتھیوں سمیت پاکستان سوشلسٹ پارٹی قائم کی اور ہمیشہ بائیں بازو کی بکھری ہوئی قوتوں کو اکٹھا کرنے کے لیے کوشاں رہے۔ اس کی بدولت بائیں بازو کے متعدد مرجر بھی ہوئے جو نیشنل ورکرز پارٹی پھر ورکرز پارٹی اور اب عوامی ورکرز پارٹی کی شکل میں سامنے ہے۔ 2011ء میں فیض احمد فیض کی صدسالہ تقریبات منائی جارہی تھیں تو انہیں فیض امن ایوارڈ سے نوازا گیا جو فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی نے لندن میں ایک بڑی تقریب میں دیا۔ ان کے ہم عصر ساتھیوں میں عابد حسن منٹو، سی آر اسلم، میاں افتخار الدین، مولانا عبدالحمید بھاشانی، سردار شوکت علی، رائو مہروز اختر خان، انیس ہاشمی، کنیز فاطمہ، سید قصور گردیزی، سید فرید آبادی، مرزا محمد ابراہیم، میجر اسحاق محمد، غلام نبی گلو، حسن عسکری، ملک محمد علی بھارا، شاہین شاہ، نور محمد چوہان، میاں محمود احمد، چاچا محمد دین، نعیم شاکر شامل تھے۔ انہوں نے اپنے دماغ کو ہمیشہ دوسروں سے سیکھنے کے لیے کھولے رکھا اور جن لوگوں نے ان کی زندگی پر اثرات ڈالے ان میں پروفیسر ایرک اسپرین، سی آر اسلم، رودرادت جوشی، ڈاکٹر محمد عبداللہ اور سید مطلبی فرید آبادی شامل تھے۔ چوہدری فتح محمد اپنی ذات میں ایک تحریک تھے اور جوانی میں جن نظریات اور جدوجہد کو اپنایا اور جدوجہد کی اس کی کامیابی کے لیے اپنے بوٹ ہما وقت باندھ کے رکھتے تھے۔سابق لارڈ میئر محمد عجیب، غضنفر خالق، پروفیسر نذیر تبسم، رشید سرابھا، طاہر بوستان ایڈووکیٹ، پروفیسر نذیر نازش، مشتاق لاشاری، عباس ملک، صغیر احمد، خواجہ مشتاق، شوکت مقبول بٹ، رابرٹ گرفتھس، مارٹن لیوی، حرسب وینس، دیال سنگھ بھاگڑی، شہزادین احمد و دیگرنے مرحوم رہنما کوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تازہ ترین