ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے تین روزہ ’گوٹ ٹور آف انڈیا‘ کے گرفتار مرکزی منتظم ستادرو دتہ کو ضمانت نہ مل سکی۔ انہیں کولکتہ اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کے کیس میں 14 روزہ پولیس ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز میسی کلکتہ کے سالٹ اسٹیڈیم میں اپنے 70 فٹ بلند و بالا مجسمے کی نقاب کشائی اور شائقین سے ملاقات کے لیے موجود تھے، تاہم یہ تقریب اس وقت بدنظمی کا شکار ہوگئی جب اسٹیڈیم میں موجود 100 سے زائد وی آئی پیز نے میسی کو گھیر لیا۔
اسٹیڈیم میں موجود وزرا، خصوصی شخصیات اور سیکیورٹی اہلکاروں کے سبب ہزاروں روپے خرچ کر کے آنے والے سیکڑوں شائقین کو میسی کی ایک جھلک بھی میسر نہ ہوئی تو مایوس مداح مشتعل ہوگئے۔
مشتعل مداحوں نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ شروع کی تو تقریب تقریباً 20 منٹ میں ہی ختم کر کے اسٹار فٹ بالر کو اسٹیڈیم سے نکال لیا گیا، اس موقع پر تقریب کے منتظم کو کھلاڑی کے ساتھ چارٹرڈ جہاز پر روانگی سے قبل گرفتار کرلیا گیا۔
تاہم اب تقریب کے منتظم کی اپیل کے باوجود ان کی ضمانت مسترد کر کے عدالت نے انہیں تحقیقات کے لیے 14 روزہ پولیس ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔