• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کے اقدامات

کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کےبعد سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔

وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں،حکومت نے بارشوں کے پیش نظر ٹڈیوں کے خاتمےکے لیے 98 فیلڈ ٹیموں کی ڈیوٹیاں لگادی ہیں۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ بارشیں ہونے سے ٹڈی ریگستانی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ فصلوں پر اسپرے مہم جاری ہے۔

وزیر زراعت سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے سندھ کے 12متاثرہ اضلاع میں اسپرے کیا گیا جن میں گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، نوشہرو، سکھر، کشمور، ٹنڈواللہ یار اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 8448 ہیکٹرز میں اسپرے کر کے ٹڈیوں کا خاتمہ کیا گیا، سندھ کے عوام منتظر ہے کہ وفاق ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کب عملی اقدامات کرے گی۔

وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کے مطابق بارش پڑنے کے بعد نرم زمین پر ٹڈی دل 1 اسکوائر میٹر تک 1000 ہزار انڈے دے سکتی ہے، تیز بارشیں ٹڈیوں کی افزائش کے لیے ریگستانی علاقوں میں سازگار ماحول پیدا کرتی ہیں۔

محکمہ زراعت کی ٹیمیں ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں، ریگستانی علاقوں میں بھی سروے ٹیمیں الرٹ ہیں جبکہ سروے اور مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ 

تازہ ترین