• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابن صفی کی عمران سیریز ریڈیائی ڈرامہ کی صورت میں ویب ایپلیکشن پر دستیاب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جب ابن صفی کی عمران سیریز کا پہلا ناول ’خوفناک عمارت‘انگریزی میں ترجمہ ہوا تو اس کے سرورق پر انگریزی کے سرّی ادب کی معروف مصنفہ اگاتھا کرسٹی کا ایک قول درج تھا ’میں اردو زبان تو نہیں جانتی لیکن برصغیر میں چھپنے والی جاسوسی ناولوں کے بارے میں مجھے معلومات ہیں وہاں صرف ایک ہی اورجنل مصنف ہیں یعنی ابن صفی‘۔اس ڈیجیٹل دور میں پاکستان کے معروف ترین ناول نگار ابن صفی کے صاحبزادے احمدصفی نے چند چاہنے والوں کی مدد سے، ان کی لکھی عمران سیریز کو صوتی تمثیل (ریڈیائی ڈرامے) میں ڈھالنے کا عمل شروع کردیا ہے اور اس سلسلے کا پہلا ناول چار اقساط کی شکل میں ایک ویب ایپلیکیشن پر میسر ہے۔ابن صفی کی عمران سیریز کو ریڈیائی ڈرامے کی شکل میں ڈھالنے کے بارے میں ان کے صاحبزادے احمدصفی نے بتایا کہ ان کے اپنے خاندان کے وہ افراد جو بیرون ملک منتقل ہوگئے تھے آج ان کے بچے اردو پڑھ نہیں سکتے البتہ بول اور سمجھ لیتے ہیں اس لیے ضرری تھا کہ نئی نسل تک ابن صفی کی تحاریر پہنچائی جائیں۔ احمدصفی کے مطابق ابن صفی کے ناول تو انٹرنیٹ پر پی ڈی ایف کی شکل میں طویل عرصے سے موجود ہیں۔احمد صفی نے مزید بتایا کہ ابن صفی کے ہر ناول کی چار اقساط ہیں اور ہر قسط کا دورانیہ 15 سے بیس منٹ کے درمیان ہے۔ اسی طرح ہر بارہ ناولوں پر مشتمل ایک سیزن ہوگا۔ اس سلسلے میں عمران سیریز کا پہلا ناو ل’ خوفناک عمارت ‘ اب مذکورہ ایپ پر موجود ہے جو مفت سنا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں عمران سیریز پر فلم بنانے کا خیال بھی پیش کیا جاچکا ہے تاہم ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور ممکن ہے اس بارے میں کوئی پیشرفت ہو جائے۔تاہم فی الوقت ابن صفی کی عمران سیریز پر ریڈیائی ڈرامہ بنایا جارہا ہے اور اس زین مکھی پروڈیوس کررہے ہیں۔احمد صفی کے مطابق ابن صفی کے ناولوں کی ڈرامائی تشکیل خرم علی شفیق نے کی ہے۔زین مکھی نے کہا کہ اب تک وہ ابن صفی کی عمران سیریز کے 5 ناولوں کو صوتی تمثیلی شکل دےچکے ہیں جن کے نام خوفناک عمارت، چٹانوں میں فائر‘،پراسرار چیخیں‘، بھیانک آدمی ‘ اورجہنم کی رقاصہ‘ہیں۔ اس ایپ کا فائدہ یہ ہے کہ ہر سننے والا صرف ایک مرتبہ اپنی پسند کا ناول خرید کر اسے جتنی بار چاہے سن سکتا ہے‘۔زین مکھی مزید بتایا کہ اس وقت مذکورہ ایپ صرف ویب ایپلیکیشن کے طور پر موجود ہے ، تاہم جلد ہی یہ ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور اور مزید کئی پلیٹ فارمز سے بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔باسط فریاد اس میں علی عمران کے کردار کیلئے صداکاری کررہے ہیں۔

تازہ ترین