• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی لندن کے ہوٹل میں چائے پیتے تصویر وائرل

نواز شریف کی لندن کے ہوٹل میں چائے پیتے تصویر وائرل 


لاہور،لندن(نیوز ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی لندن کے ایک ہوٹل میں چائے پیتے ہوئے تصویر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر انکے حق میں ٹرینڈ شروع ہوگیا ہے۔

ن لیگی رہنماؤں نے اپنی پروفائل تصویریں تبدیل کردی ہیں جبکہ مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے مابین لفظی جنگ بھی چھڑ گئی ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ جھوٹ بول کر باہر جانیوالوں نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے۔

فواد چوہدری نے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔ جبکہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے نواز شریف کو مارنے کی پوری کوشش کی مگر اللہ نے بچالیا۔مریم نواز شریف نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں، اسی طرح اس تصویر سے میاں صاحب کے چاہنے والے خوش ہوئے ہیں اور انکو حوصلہ ملا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے والد کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔نوازشریف کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل نے بھی ٹوئٹر پر ان کی تصویر کے ہمراہ ایک پوسٹ کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین