• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاپی ایکٹ کی خلاف ورزی پر سرکاری ٹی وی کا آفیشیل یوٹیوب چینل بند

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری ٹی وی کا آفیشل یوٹیوب چینل دیکھنے والوں کواس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑاجب ان کے علم میں آیا کہ کاپی رائٹ کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پریو ٹیوب چینل کو بندکردیا گیا ہے۔ ٹی وی کی ریٹنگ کا حال کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، اوریہ بات تو سب کے سامنے ہے کہ وزیراعظم کی خواہش پرنشر کیے جانے والے تُرک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کی پہلی قسط نشر ہونے کے بعد سے سرکاری ٹی وی ہوم کے یوٹیوب چینل کی سبسکرپشن میں بہت زیادہ اضافہ ہوا جو فی الوقت 40 لاکھ 77 ہزار پرہے۔کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پرسرکاری ٹی وی ہوم کا یو ٹیوب چینل بند کرنے والی نجی کمپنی ڈاٹ ری پبلک ہے۔ یوٹیوب کی پالیسی کے مطابق کسی بھی مواد کے کاپی یا ڈیجیٹل رائٹس رکھنے والی کمپنی خلاف ورزی کرنے والوں کو 3 اسٹرائیک (وارننگ) کے بعد اسٹرائیک ڈاؤن یعنی بند کرسکتی ہے۔نجی چینل کے رابطہ کرنے پر ڈاٹ ری پبلک کی جانب سے بتایا گیا کہ سرکاری ٹی وی کے پاس ڈرامہ سیریل جانباز اور میں جینا چاہتی ہوں کے ڈیجیٹل رائٹس نہیں تھے جس کی بناء پر سرکاری ٹی وی ہوم کا یو ٹیوب چینل بند کیا گیا۔کنٹرولر سرکاری ٹی وی کاشف مسعود اکبرسے رابطہ کرنے پران کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو میں نہیں دیکھ رہا اس لیے اس حوالے سے بات بھی نہیں کرسکتا۔ استفسارپرانہوں نے اس بات سے بھی لاعلمی کا اظہارکیا کہ معاملے کا حل نکال کون رہا ہے۔دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے ایک عہدیدارکا کہنا تھا کہ کاپی رائٹس کے بغیرایک دو ڈرامے دکھانے جانے کی وجہ سے یو ٹیوب چینل کو بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا بہت دفعہ ہوتا ہے کہ کئی ڈرامے پی ٹی وی ہوم اور کسی سیٹیلائٹ چینل پر ایک ساتھ نشر کیے جارہے ہوتے ہیں جن کے ڈیجیٹل رائٹس ہمارے پاس نہیں ہوتے، پھراسٹرائیک کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے اور عید کی چھٹیوں کے بعد اب یوٹیوب انتظامیہ سےرابطہ کرکے معاملہ حل کیا جائے گا۔سرکاری ٹی وی عہدیدار کے مطابق اس سے قبل یکم رمضان المبارک کو ارطغرل کی پہلی قسط نشرہوتے ہی پی ٹی ہوم کو اسٹرائیک کاسامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ ہمارے پاس ڈیجیٹل رائٹس نہیں تھے جس کے فوری طور پرانتظامیہ نے ترکی سے ’’ٹی آر ٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی‘‘ چینل بنوایا۔یہی وجہ ہے کہ یو ٹیوب پر ’’پی ٹی وی ہوم ‘‘ لکھیں تو ’’ری موو ‘‘ لکھا آرہا ہے لیکن ساتھ ارطغرل کی تمام اقساط کے لنک باآسانی کھول کرانہیں دیکھا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین