• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 فیض کلچرل فاؤنڈیشن یو کے کے سالانہ انتخابات عمل میں لائے گئے اس سلسلہ میں تنظیم کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سابق صدر اکرم قائم خانی نے کی۔

اجلاس میں طویل بحث و مباحثہ کے بعد متفقہ طور پر برطانیہ کے معروف پلاسٹک سرجن اور سابق طالب علم رہنما عمر دراز خان کو صدر جبکہ سیاسی و سماجی شخصیت علی خاقان مرزا کو اپنا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ۔

محترمہ پلو شہ بنگشں کو نائب صدر، محترمہ ارسلہ وحید کو جوائنٹ سیکریٹری، معروف ادبی شخصیت انجم رضا کو سیکریٹری مالیات، یوسف ابراہیم کو سیکریٹری انفارمیشن منتخب کر لیا گیا۔

اس موقع پر مجلس عاملہ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا نو منتخب ارکین میں ڈاکٹر حسن جاوید، ڈاکٹر عامر مختار، ڈاکٹر رحمان ، ایوب اولیا، عاصم علی شاہ،محمد عامر،امتیاز علی خان،ارشد اولیا اور اکرم قائم خانی شامل ہیں۔

نو منتخب صدر نے اپنے صدارتی خطاب میں سابقہ صدر اکرم قائم خانی اور انکی کابینہ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کے دنیا کے عظیم انقلابی شاعر فیض احمد فیض کے پیغام کو مظلوم طبقات تک پہچانے کا کام جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انسانوں کے خلاف برپا ظلم و تشدد ،نہ انصافی، معاشی و سیاسی استحصال کا خاتمہ اسی وقت ھے جب ہم فیض کے افکار کو بروکار لا کر استحصال سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب جنرل سیکریٹری علی خاقان مرزا نے تنظیم کر ارکین کا شکریہ ادا کیا کہ اور کہا کہ جو بھاری ذمہ داری آپ لوگوں نے مجھے دی ہے میں اسے پوری کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کروں گا اور تنظیم کے سالانہ نمائندہ پروگرام لندن فیض میلے کو پہلے سے زیادہ بہتر موثر اور فعال بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس کو نو منتخب انفارمیشن سیکریٹری یوسف ابراہیم نے آگاہ کیا کہ وہ تنظیم کی ویب سائیڈ، فیس بک پیج، یو ٹیوب چینل اور جدید طرز پر استوار کریں گے اور تنظیمی اقدامات کو عام لوگوں اور سپورٹروں تک پہچانے کے لئے برطانیہ کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا بھرپور تعاون حاصل کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سال کے لئے پروگراموں اور فیض میلے کے انعقاد سے متعلق فیصلوں کے لئے جلد مشاورت شروع کی جائے گی اور اعلانات کئے جائیں گے

فیض کلچرل فاؤنڈیشن یورپ میں مقیم ترقی پسند پاکستانیوں کی سب سے بڑی ثقافتی اور سیاسی تنظیم ہے۔ یہ تنظیم لندن میں 2010 میں قائم کی گئی تھی۔

گزشتہ 9 سالوں سے ، فیض کلچرل فاؤنڈیشن ہر سال ایک عظیم میلے کا اہتمام کرتی رہی ہے۔ اس فیض میلہ میں شاعر، سیاسی کارکن، سیاست دان، موسیقار، اداکار شریک ہوتے ہیں۔

نومنتخب صدر ڈاکٹر عمر دراز خان جو زمانہ طالبعلمی سے اس قسم کے پروگرام منظم کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں میلے کے دسویں ایڈیشن کو بڑے پیمانے پر منانے کا عزم رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر عمر دراز خان نے جیو نیوز کے نمائندے خالد حمید فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیض کلچرل فیسٹیول اب یورپ میں ترقی پسند پاکستانیوں کے لئے ایک مضبوط ادارہ بن گیا ہے۔

اس میلے میں ہم ادب اور فن کے علاوہ پاکستان کی معاصر سیاسی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ ایف سی ایف یورپ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا بھر سے اور بالخصوص برصغیر کے اعلی ترین ثقافتی اور سیاسی رہنما آکر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عمر دراز خان نے کہا کہ یہ میلہ ہر سال موسم خزاں میں ہوتا ہے لیکن ہوسکتا ہے کہ اس سال 19 کوویڈ کی وجہ سے ملتوی کردیا جائے لیکن جلد ہی آرگنائزنگ کمیٹی اس پروگرام کا فیصلہ اور اعلان کرے گی۔

تازہ ترین