• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا کورونا کیساتھ جینے مرنے کا اعلان عوام دشمن ہے، نیر بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا کے ساتھ جینے مرنے کا اعلان عوام دشمنی کے مترادف ہے۔

سابق سینیٹر نیر بخاری نے حکومت سے سرکاری ملازمین اور کاروباری شعبہ سے وابستہ افراد کا کورونا ٹیسٹ لازمی کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں کورونا وبا کا تناسب خطرناک حد سے زائد ہے، لاہور کےچھ لاکھ سے زائد شہری کورونا کے خطرے میں ہیں، وفاقی صوبائی دفاتر کھلنے سے لاکھوں افراد بغیر کورونا ٹیسٹ دفاتر آئیں گے۔

نیر بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا کی شروعات میں ہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےوفاقی حکومت کی لاپرواہی اور غلط پالیسی پر خبر دار کیا تھا۔

نیر بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقے کورونا وبا سے متاثرہ ہیں، لوگوں کی زندگیاں کورونا کے حوالے کرنے کا اعلان شیرو اور ٹایئگر زہنیت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ تبدیلی لانے والوں کو اُلٹی گنگا بہانے کے محاورے کا مطلب سمجھ آگیا یا کہ ابھی کچھ باقی ہے۔

اُن کا وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شیخ چلی دوم وزیراعظم کورونا کوپشاور کی بی آر ٹی تعمیر کی طرح کا مزاق سمجھ رہے ہیں۔

تازہ ترین