• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کا کورونا اور ٹڈی دل پر غیرسنجیدہ رویہ خطرناک ہے، بلاول

وفاق کا کورونا اور ٹڈی دل پر غیرسنجیدہ رویہ خطرناک ہے، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا کورونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے، جب سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی، سیکڑوں بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی اور صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ اور ٹڈی دل کے خاتمے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے۔

پی پی پی چیئرمین وفاقی حکومت کے زندگیوں کے بجائے معیشت کو بچانے کے بیانیے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگیاں بچانے کیلئے صحت کی سہولیات بھی فراہم کرے اور معیشت کو بھی بچائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہیں کرسکتی، باوجود رکاوٹوں اور مخالفین کی جانب سے الجھاؤ پیدا کرنے کے سندھ حکومت نے وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے سخت اقدامات کئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مخالفین کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کو نظرانداز کرکے سندھ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں پر بھی وزیراعلیٰ سندھ سے بات چیت کی اور کہا کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے ملک میں ایک خطرناک قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹڈی دل کے حملوں سے قحط کی صورت حال پیدا ہوئی تو اس کی وجہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہوگی، سندھ حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کے تمام اضلاع سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے کام کرے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بھی جاگنا چاہئے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ وفاقی ادارے پلانٹ پراٹیکشن ڈپارٹمنٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

تازہ ترین