کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں لاکھوں روپے کے بھاری تنخواہوں پر تین بڑی تقرریوں کے چند دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے نچلے درجے کے ملازمین کو فارغ کردیا ہے جبکہ مزید ملازمین کو فارغ کرنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ ہیڈ کوارٹر سے فارغ ہونے والوں میں ہیلپرز اور آفس بوائز شامل ہیں جبکہ ابھی صرف ایڈمن کےملازمین نکالے گئے، ہیں، دیگر شعبوں سے بھی نکالے جائیں گے۔ ملازمین کی بر طرفی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق ملازمین یکم جولائی سے نوکریوں سے فارغ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پی سی بی کا اسٹاف تقریباً 800 افراد پر مشتمل ہے جن میں سے غیر ضروری اور غیر فعال اسٹاف فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائون سائزنگ کے تحت ملازمین کو فارغ کرنے عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پہلے مرحلے میں لوئر گریڈ کے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔ منگل کوکورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کے دوران کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہونے کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملازمین کو فارغ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹاف کم کرنےکی حکمت عملی جاری تھی، اب کورونا کےاثرات بھی مد نظر رکھنا پڑ رہے ہیں، صرف چھوٹے اسٹاف فارغ نہیں کیا جا رہا اس میں مڈل اور سینئرانتظامیہ بھی شامل ہیں۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ضروری اسٹاف کو بر قرار رکھنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے، پی سی بی مالی طور مستحکم ہے، موجودہ حالات میں ڈھائی تین سال مشکل نہیں ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ ایسے وقت میں جب کہ آئی سی سی کی جانب سے گرانٹ ملنا مشکل دکھائی دے رہی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کے خزانے میں اگلے پندرہ ماہ کے لئے پیسے موجود ہیں۔